Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں آلو کی قیمت میں 130 فیصد اضافہ

پہلے آلو کی چھوٹی تھیلی منڈی میں ایک ریال میں فروخت ہوتی تھی (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں آلو 130 فیصد مہنگے ہو گئے ہیں اور مختلف وزن رکھنے والی اس کی تھیلیوں کی قیمت میں واضح فرق آیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق ڈھائی سے تین کلوگرام والی آلو کی تھیلی جو کہ 5 ریال میں فروخت ہوتی تھی اب 12 ریال تک پہنچ گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈیڑھ سے دو کلوگرام والی آلو کی تھیلی جس کی قیمت تین ریال تھی اب 8 ریال میں فروخت کی جاری ہے۔ 
جدہ سبزی منڈی کے تاجروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آلوؤں کی فصل کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ آلو پیدا ہونے والے علاقوں میں حد سے زیادہ بارش کی وجہ سے  بیشتر فصلیں تباہ ہوئیں۔ 
منڈی کے ایک تاجر سلمان الرشیدی نے  بتایا کہ حائل ریجن سعودی عرب میں آلو کی کاشت کا بڑا علاقہ ہے۔ اس کے بیشتر علاقے ان دنوں زیرآب ہیں۔ اس صورت حال میں کھیتوں سے آلو جمع کرنا بے حد مشکل ہے۔
الرشیدی نے مزید بتایا کہ ہول سیل کے تاجر پہلے آلو کی چھوٹی تھیلی ایک ریال میں فروخت کرتے تھے اور عام گاہک کو ڈھائی تا تین ریال  میں فروخت کی جاتی تھی اب یہ مہنگی ہو چکی ہے۔ 
ایک اور تاجراحمد الحلبی نے بتایا کہ تقریباً تمام سبزیوں کے نرخ بڑھے ہیں۔ موسم سرما کی آمد پر صورت حال تبدیل ہو گئی ہے جہاں تک آلو کا تعلق ہے تو اس کی قیمت ہمیشہ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: