Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں، شامی کی 7 وکٹیں

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے 84 گیندوں پر سینچری سکور کی (فوٹو: گیٹی امیجز)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔
بدھ کو ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں انڈیا کی جانب سے 398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49 ویں اوور میں 327 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کیویز کی جانب سے اننگز کا محتاط آغاز کیا گیا، تاہم محمد شامی نے چھٹے اوور کی پہلی گیند پر ڈیوون کونوے کو آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دوسرا جھٹکا 39 کے سکور پر لگا جب رچن رویندرا 13 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، تاہم کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے 181 رنز کی شراکت قائم کی۔
ڈیرل مچل 119 گیندوں پر 134 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد محمد شامی کی بال پر جدیجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کین ولیمسن 73 گیندوں پر 69 رنز بنا کر باؤنڈری لائن پر محمد شامی کی بال پر سُوریا کمار یادیو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کیوی کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹام لیتھم بھی پویلین لوٹ گئے، محمد شامی نے انہیں صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
انڈیا کی جانب سے محمد شامی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ’پلیئر آف دا میچ‘ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
اس سے قبل انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے۔
ون ڈاؤن آنے والے وراٹ کوہلی 117 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شریاس آیئر نے 105 اور اوپنر شبھمن گِل نے 80 رنز سکور کیے۔

وراٹ کوہلی نے 113 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے (فوٹو: گیٹی امیجز)

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤدی نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈین کپتان روہت شرما نے کیوی بولروں کی خوب دھلائی کی اور صرف 29 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد  ٹم ساؤدی کی گیند پر کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
 اوپنر شبھمن گِل اور وراٹ کوہلی کے درمیان 93 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم ہوئی۔
شبھمن گِل نے 65 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 79 بنائے، تاہم وہ 23 اوور کی چوتھی گیند پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ وہ ایک مرتبہ پھر اننگز کے آخری اوور میں بیٹںگ کرنے آئے اور صرف ایک رن بنا سکے۔
شبھمن گِل کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد وراٹ کوہلی اور شریاس آیئر کے درمیان 128 گیندوں پر 163 رنز کی دلکش شراکت دیکھنے کو ملی۔

 محمد شامی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: بی سی سی آئی)

وراٹ کوہلی 113 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر ٹم ساؤدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے ون ڈے کیریئر کی 50 ویں سینچری سکور کر کے سچن تندولکر کی 49 سینچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔
شریاس آیئر 105 کے سکور پر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ڈیرل مچل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں ڈیوون کونوے، رَچن رویندرا، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔
انڈیا کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے انڈیا کی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، رویندرا جدیجہ، جسپریت بمراہ، محمد شامی، کلدیپ یادو اور محمد سراج کو شامل کیا گیا تھا۔

شیئر: