عراقی صدر دورہ سعودی عرب کے دوران خصوصی فرمائش کرکے جازان کیوں گئے؟
صدر عبداللطیف 80 کی دہائی میں جازان کے ترقیاتی منصوبے سے منسلک رہے تھے(فوٹو، ایکس)
عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید کے سعودی عرب کے دورے کے دوران جازان ریجن کے دورے پر عوام یہ سوال کررہے ہیں کہ عراقی صدر خاص طور پر فرمائش کرکے جازان کیوں گئے؟
سبق ویب سائٹ کے مطابق عراق کے موجودہ صدر 80 کی دہائی میں جازان ریجن کے ایک ترقیاتی منصوبے سے منسلک تھے۔
انہوں نے غیرملکی ماہر کی حیثیت سے جازان میں ملازمت کے دوران مقامی لوگوں سے اچھے تعلقات استوار کرلیے تھے۔
ڈاکٹر عبداللطیف رشید نے جازان میں زراعت کے فروغ کے حوالے سے ایک کتاب بھی لکھی تھی وہ عراق کے صدر بننے کے بعد بھی جازان میں اپنے رفقائے کار سے رابطے میں رہے۔
ڈاکٹر عبداللطیف رشید نے جازان میں اپنی عملی زندگی کا آغاز آبی وسائل کی افزائش کے ماہر کے طور پر کیا تھا پھر وہ الفاو پروجیکٹ کے ڈائریکٹر بن گئے تھے۔
عراقی صدرجازان کے دورے پر منگل کو پہنچے۔
گورنر شہزادہ محمد بن ناصر اور نائب گورنر محمد بن عبدالعزیز نے کنگ عبداللہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر عراقی صدر کا خیر مقدم کیا۔