'میڈ ان سعودی' ایکسپو میں عراق کی اعزازی مہمان کے طور پر شمولیت
'میڈ ان سعودی' ایکسپو میں عراق کی اعزازی مہمان کے طور پر شمولیت
جمعرات 12 اکتوبر 2023 15:04
میڈ ان سعودی نمائش میں 100 سے زیادہ قومی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں منعقد ہونے والی 'میڈ ان سعودی' ایکسپو کے دوسرے ایڈیشن میں عراق اعزازی مہمان کی حیثیت سے شمولیت اختیار کرے گا۔
سعودی پریس ایجنسی نے بدھ کو رپورٹ کیا ہے کہ یہ تقریب جس میں عراق کی 24 کمپنیاں شامل ہیں 16 سے 19 اکتوبر تک انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔
میڈ ان سعودی نمائش میں 100 سے زیادہ قومی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔
نمائش کے دوسرے ایڈیشن میں عراق کا بطور مہمان خصوصی انتخاب دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔
ایس پی اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ نمائش اقتصادی اور تجارتی پہلوؤں کے لحاظ سے اہم مقامی اور بین الاقوامی خریداروں کو راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہو گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ پانچ برسوں میں 2018 سے 2022 تک مملکت سے عراق کو تیل کے علاوہ دیگر برآمدات کی کل مالیت 14.8 ارب ریال تک پہنچ گئی ہے۔
ان برآمدات میں تعمیراتی شعبے کی صنعت 4.42 ارب ریال کی مالیت کے ساتھ سب سے بڑے شعبے کے طور پر ابھری ہے۔
سعودی عراقی رابطہ کونسل کے 2017 میں قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تجارت کو فروغ ملا ہے۔
SPA نے کہا کہ 'میڈ ان سعودی' نمائش کا مقصد سعودی وژن 2030 کے مقاصد کے تحت مقامی مصنوعات اور دیگر مختلف سروسز کو فروغ دینا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں