قطیف- - - - - - - - مشرقی ریجن کے شہر قطیف کی میں جمعرات کو کار دھماکے سے 2 مطلوبین ہلاک ہوگئے۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ ہلاک ہونیوالوں میں سیکیورٹی فورس کو انتہائی مطلوب فاضل آل حمادہ شامل ہے۔ وزارت داخلہ نے محرم 1438ھ کے دوران قطیف اور دمام میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد 9مطلوبین کی فہرست جاری کی تھی۔ فاضل آل حمادہ ان میں سے ایک تھا۔ کوئی راہگیر یا موقع پر موجود کوئی بھی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ واقعہ کے وقت گاڑی میاس مارکیٹ میں پارک تھی ۔ موقع پر موجود لوگوں نے وڈیو کلپ تیار کرکے سوشل میڈیا پر جاری کردی جس میں دکھایا گیا کہ مارکیٹ میں کھڑی ایک گاڑی سے شعلے نکل رہے ہیں۔ بعض شہریوں نے سوشل میڈیا پر یہ بھی دعویٰ کیا کہ کار دھماکے کے وقت فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی۔ ابھی تک واردات کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ میں استعمال کی جانے والی گاڑی میں بارودی مواد بھرا ہوا تھا ، دہشت گرد اسے العوامیہ لے جانے والے تھے تاہم سخت درجہ حرارت کے باعث بارود ی مواد نے آگ پکڑ لی۔ گاڑی دھما کے سے تباہ ہوگئی۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ قطیف میں سیکیورٹی کو مطلوب 2 افراد فاضل اور محمد الصویمل کی لاشیں آگ سے جھلس کر کوئلہ بن گئیں۔ 3 دیگر جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ الشیخ حسین العمران مسجد کے قریب ہوا جہاں گزشتہ رمضان میں دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا۔