Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ: قبل از وقت پیدا ہونے والے 30 بچے الشفا ہسپتال سے مصر منتقل

اسرائیلی فورسز شفا ہسپتال میں حماس کا کمانڈ سنٹر تلاش کر رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
غزہ کے الشفا ہسپتال کے ملبے سے ایسے 30 بچوں کو نکالا گیا ہے جو قبل از وقت پیدا ہوئے، ان بچوں کو مصر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان مدہت عباس نے بتایا ہے کہ ان بچوں کو اتوار کے روز ہسپتال کے ملبے سے نکالا گیا تھا۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ایک ٹیم نے ہفتے کے روز شفا ہسپتال کا دورہ کیا جہاں اسرائیلی فورسز گزشتہ ہفتے سے آپریشن کر رہی ہیں۔
ہیلتھ ٹیم کے ترجمان بتایا ہے کہ ہسپتال کے ملبے میں پھنسے ہوئے شدید زخمی مریضوں میں 32 بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کی ٹیم نے اتوار کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال سے کئی مریضوں کو نکالا ہے جب کہ 291 مریضوں کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
ہسپتال میں چھوڑے جانے والے مریضوں میں 32 بچوں کے ساتھ ایسے افراد شامل ہیں جو انتہائی نازک حالت میں ہیں یا شدید زخمی ہیں جو حرکت کرنے سے قاصر ہیں۔

شدید زخمی یا حرکت کرنے سے قاصر مریض تاحال شفا ہسپتال میں ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے ایک گھنٹے تک الشفا ہسپتال کا دورہ کیا اور بتایا ہے کہ تقریباً 2500 بے گھرافراد کے ساتھ ایسے مریض جو حرکت کر سکتے تھے اور طبی عملہ ہفتے کی صبح  کمپاؤنڈ سے نکل گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی ٹیم نے الشفا کو ڈیتھ زون کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں موجود  مریض اور صحت کا عملہ اپنی حفاظت اور صحت کے لیے خوفزدہ ہے،جن سے ہماری بات ہوئی انہوں نے انخلا کی درخواست کی ہے۔ 

ڈبلیو ایچ او کی مزید ٹیمیں الشفا ہسپتال پہنچنے کی کوشش کریں گی۔ فوٹو اے پی

بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں ڈبلیو ایچ او کی مزید ٹیمیں الشفا ہسپتال پہنچنے کی کوشش کریں گی تاکہ وہاں موجود مریضوں کو نکال کر جنوبی غزہ کے ہسپتالوں میں لے جایا جائے جہاں پہلے ہی کافی تعداد میں مریض موجود ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز شفا ہسپتال میں حماس کا کمانڈ سنٹر تلاش کر رہی ہیں  جب کہ  حماس اور ہسپتال کا عملہ اسرائیلی فورسز کے اس دعوے کی تردید کرتا ہے۔

شیئر: