غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے عرب اور اسلامی ممالک کے وزرا چین کا دورہ کریں گے
اتوار 19 نومبر 2023 10:52
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ ہم لڑائی اور شہریوں کے مصائب کو ختم کریں۔‘ (فوٹو: وزارت خارجہ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ عرب اور مسلم ممالک کے وزرا پیر کو چین کا دورہ کریں گے جس کا مقصد غزہ میں جنگ کو ختم کرنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو سعودی وزارت خارجہ کے ایکس پر جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بحرین میں آئی آئی ایس ایس مناما سکیورٹی سربراہی کانفرنس کے موقعے پر کہا ہے کہ یہ دورہ اسلامی وزارتی کمیٹی کے لیے رواں ماہ کے آغاز میں ریاض میں ہونے والے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں طے پانے والے فیصلوں کی جانب پہلا قدم ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزرا چین کے بعد دیگر کئی دارالحکومتوں کا دورہ کریں گے تاکہ فوری جنگ بندی کرنے اور غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کو آسان بنانے کا ایک مضبوط پیغام پہنچایا جا سکے۔
سنیچر کو شہزادہ فیصل نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے اہلکار جوزپ بوریل سے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن کی اہمیت پر عالمی برادری کے معاہدے کے باوجود فوری جنگ بندی کی ضرورت پر ابھی تک خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔
’ہمیں امید ہے کہ کسی وقت ہم ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے ساتھ مستقل امن کی کوششیں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں جو خطے میں ہم سب کی سلامتی کو یقینی بنائے گی لیکن اب ترجیح لڑائی کا خاتمہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ ہم لڑائی اور شہریوں کے مصائب کو ختم کریں جو ہم غزہ میں روز دیکھ رہے ہیں۔‘
اسرائیل غزہ کی پٹی میں اہداف پر مسلسل بمباری اور زمینی حملہ کر رہا ہے جس میں اب تک 12 ہزار 300 افراد ہلاک اور 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔