Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہار آسٹریلیا سے لیکن نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جیمز نیشم انڈین صارفین کا نشانہ کیوں؟

آسٹریلیا نے چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے (فوٹو: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ آسٹریلیا کے ہاتھوں انڈیا کی شکست کے بعد بعض انڈین فینز آپے سے باہر ہوئے ہیں۔    
ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست انڈین ٹیم اور اس کے مداحوں کے لیے غیر معمولی ثابت ہوئی ہے کیونکہ جس طرح سے اس پورے ٹورنامنٹ میں انڈین ٹیم کی کارکردگی رہی تھی فائنل کا نتیجہ اُس سے بالکل برعکس نکلا ہے۔
اس شکست کے بعد غم و غصے کا شکار انڈین مداح اپنی بھڑاس جہاں ٹیم پر تنقید کر کے نکال رہے ہیں وہیں کچھ مداح ایسے بھی ہیں جو سوشل میڈیا پر آسٹریلوی کھلاڑیوں اور اُن کے اہلخانہ کو گالم گلوچ کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں پیر کو نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر جیمز ’جمی‘ نیشم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر اپنی سٹوریز میں بتایا ہے کہ انہیں بھی انڈین فینز کی طرف سے گالم گلوچ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
جیمز نیشم نے انسٹاگرام پر ملنے والے گالیوں سے بھرپور پیغامات کو شیئر کیا اور لکھا کہ ’گزشتہ رات میچ نہیں دیکھا لیکن، میرا خیال ہے آسٹریلیا جیت گیا ہے؟‘
 

فوٹو: سکرین شاٹ

کیوی آل راونڈر نے اپنی دوسری سٹوری میں پوچھا کہ ’میں نے کیا چیز مِس کر دی ہے؟‘
 

جیمز نیشم کے علاوہ انڈین مداحوں کی جانب سے فائنل کے پلیئر آف دی میچ ٹریوس ہیڈ اور اُن کی اہلیہ اور ایک برس کی بیٹی کو بھی آن لائن ہراسیت، گالم گلوچ اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
صرف یہ نہیں، غصے میں ڈوبے انڈین فینز گلین میکسویل کی انڈین نژاد آسٹریلوی اہلیہ کو بھی نفرت اور گالم گلوچ سے آلود میسج کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ پوسٹ وائرل ہے جس میں کچھ انڈین فینز یورپ کے ملک سلوواکیا سے تعلق رکھنے والے ایڈم زیمپا نامی شہری کو آسٹریلوی لیگ سپن بولر ایڈم زیمپا سمجھ کر ٹرول کر رہے ہیں اور گالم گلوچ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
یہ ’غلط ایڈم زیمپا‘ سلوواکیا سے تعلق رکھنے والے سکی ریسر ہیں جن کا کرکٹ سے کوئی دور دور تک تعلق نہیں ہے۔
خیال رہے ایڈم زیمپا نے فائنل میں ایک وکٹ حاصل کی جبکہ انہوں نے دوران فیلڈنگ انڈین اوپنر شبھمن گِل کا کیچ پکڑ کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دی تھی۔

شیئر: