Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہاں آؤ عرفان پٹھان تمہیں ڈانس کرواؤں،‘ انڈیا کی شکست پر سابق کھلاڑی پر تنقید

عرفان پٹھان پاکستان کے خلاف افغانستان کی جیت کے بعد بھی رقص کرتے ہوئے نظر آئے تھے۔ (فوٹو: ایکس)
آسٹریلیا ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بن گیا ہے اور دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سوشل میڈیا اس میچ پر تبصروں سے بھرا پڑا ہے۔
اتوار کو میچ کے اختتام کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد انڈیا کی شکست پر ایک ایسے انڈین کھلاڑی پر تنقید کرتی ہوئی نظر آئی جنہیں ریٹائر ہوئے برسوں گزر گئے ہیں۔
انڈیا کے سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان اکثر اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں اور پاکستان کی ٹیم کو ’پڑوسیوں‘ کے نام سے مخاطب کرکے اُن پر طنز کرتے ہوئے بھی پائے جاتے ہیں۔
یہی نہیں ورلڈ کپ میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف شکست کے بعد عرفان پٹھان گراؤنڈ میں افغان کرکٹرز کے ساتھ رقص کرتے ہوئے بھی نظر آئے تھے۔
احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں جب انڈیا کی ٹیم فائنل میں ہاری تو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اپنی توپوں کا رُخ عرفان پٹھان کی طرف کر دیا۔
احتشام الحق نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’اگلی مرتبہ شکست پر کسی اور کا مذاق مت اُڑائیے گا۔ صرف آپ کی وجہ سے لوگوں کو پوری انڈین ٹیم کا مزاق بنانا پڑا۔‘
انہوں نے عرفان پٹھان کو انڈیا کی شکست سے سبق سیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ ’سستی شہرت کے لیے نفرت پھیلانا بند کریں۔‘
پی ایس ایل میمز نامی اکاؤنٹ نے آسٹریلین کھلاڑی ٹریوس ہیڈ کی تصویر شیئر کرکے ساتھ لکھ کہ ’یہاں آؤ عرفان پٹھان تمہیں ڈانس کرواؤں۔‘
کریم پاکستان کی جانب سے ’ایکس‘ پر عرفان پٹھان کی ایک پوسٹ پر تبصرہ کرتا ہوئے لکھا کہ ’کیسا جا رہا ہے پھر سنڈے عرفان پٹھان؟‘
رمشا طاہر نامی صارف نے ایک میم شیئر کی جس میں عرفان پٹھان کو واٹس ایپ پر خیالی میسج کیے گئے تھے۔ سکرین شاٹ میں موجود پیغامات میں لکھا تھا کہ ’ہیلو عرفان، آپ وہاں موجود ہیں؟ کہاں ہیں آپ؟ انڈیا ہار رہا ہے۔‘
اسی واٹس ایپ میسج میں ایک خیالی پیغام عرفان پٹھان کے نمبر سے بھی دکھایا گیا جس میں لکھا تھا کہ ’ہیلو میں ہیلو عرفان پٹھان کا دوست بات کر رہا ہوں عرفان نے سرف کھالیا ہے۔‘
ایک اور اکاؤنٹ کی جانب سے عرفان پٹھان کی ڈانس کی ویڈیوز شیئر کرکے پوچھا گیا کہ ’کیسے رہا آپ کا سنڈے؟‘
خیال رہے عرفان پٹھان نے انڈیا کے لیے آخری انٹرنیشنل میں 2012 میں کھیلا تھا جس کے بعد جنوری 2020 میں انہوں نے ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں انڈیا کے لیے 29 ٹیسٹ میچوں میں 100، 120 ون ڈے میچوں میں 173 اور 24 ٹی20 میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شیئر: