Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارے لڑکے ورلڈ کپ جیت جاتے: راہُل گاندھی کا مودی پر ’قابلِ مذمت‘ طنز

کانگریس رہنما راہُل گاندھی کے بیان پر بی جے پی کی جانب سے سخت ردِ عمل دیکھنے میں آیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں حزبِ اختلاف کی جماعت کانگریس کے رہنما راہُل گاندھی نے انڈین کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کو قرار دے دیا ہے۔
منگل کو راجستھان میں ایک انتخابی ریلی میں خطاب کے دوران کسی شخص کی جانب سے ایک لفط ’پنوتی‘ سُننے میں آیا جس کا اُردو مطلب ’نحوست‘ ہے۔
یہ لفظ سُنتے ہی راہُل گاندھی نے طنز کرتے ہوئے فوراً کہا ’اچھا بھلا ہمارے لڑکے وہاں پر ورلڈ کپ جیت جاتے، وہاں پر پنوتی نے ہروا دیا۔‘
کانگریس رہنما نے مزید کہا کہ ’ٹی وی والے یہ بات (پنوتی) نہیں کہیں گے مگر عوام جانتے ہیں۔‘
انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہ کہ ’وزیراعظم مودی کا مطلب پنوتی مودی ہے۔‘
خیال رہے وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم پہنچے تھے۔
اُسی دوران سوشل میڈیا پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مخالف جماعتوں کی جانب سے ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر ’پنوتی‘ کا ٹرینڈ بھی چلایا گیا تھا۔
فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر مجموعی طور پر اپنا چھٹا ورلڈ کپ جیتا تھا۔
کانگریس رہنما راہُل گاندھی کے بیان پر بی جے پی کی جانب سے سخت ردِ عمل دیکھنے میں آیا ہے۔
بی جے پی کے سینیئر رہنما روی شنکر پرساد نے راہُل گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان میں کانگریس رہنما کی جانب سے کی گئی تقریر ’شرمناک‘ اور ’قابلِ مذمت‘ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’راہُل گاندھی کو معافی مانگنی پڑے گی ورنہ ہم اس معاملہ کو بڑا بنا دیں گے۔‘

شیئر: