سری لنکا سے انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی گئی، وجہ کیا بنی؟
آئی سی سی بورڈ کے مطابق ’انڈر19 ٹورنامنٹ اب سری لنکا کے بجائے جنوبی افریقہ میں منعقد ہوگا‘ (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)
آئی سی سی کی جانب سے رکنیت معطل ہونے کے بعد سری لنکا کو انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے معاملات میں مبینہ حکومتی مداخلت کے بعد آئی سی سی نے 10 نومبر کو سری لنکا کی رکنیت معطل کردی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آئی سی سی بورڈ نے منگل کو انڈیا کے شہر احمدآباد میں منعقدہ اجلاس کے بعد بتایا کہ ’یہ ٹورنامنٹ اب سری لنکا کے بجائے جنوبی افریقہ میں منعقد ہوگا۔‘
انڈر19 ورلڈ کپ آئندہ برس 13 جنوری سے 4 فروری تک منعقد ہونا ہے جس میں 16 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ٹورنامنٹ کی میزبانی سے محروم ہونے کے بعد سری لنکا آئی سی سی کی جانب سے 24 لاکھ ڈالر کی گرانٹ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے گا جو اسے مختلف سٹیڈیم کو بہتر کرنے کے لیے ملنا تھی۔‘
رواں ماہ کی 10 تاریخ کو آئی سی سی نے یہ کہتے ہوئے سری لنکا کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کیا تھا کہ ’سری لنکن بورڈ اپنے معاملات میں حکومتی مداخلت کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔‘
اگرچہ سری لنکا بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں حصہ لے سکتا ہے، تاہم اب سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ملنے والے فنڈز آئی سی سی کنٹرول کرے گی۔
وزیر کھیل روشن رانا سنگھے کی جانب سے لاکھوں ڈالر خُردبُرد کرنے کے الزام کے بعد سری لنکن پارلیمنٹ نے کرکٹ بورڈ کو مستعفی ہونے کے لیے کہا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے سری لنکا کی رکنیت معطل کردی تھی۔
دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے انڈر19 ٹورنامنٹ کی میزبانی واپس لینے کے فیصلے کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ’بڑا دھچکہ‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے اس سے ملک کو بڑا مالی نقصان بھی ہوگا۔