Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

31 برس بعد کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیمیں کم از کم ایک میچ جیتنے میں کامیاب

نیدرلینڈز اس ٹورنامنٹ میں شریک واحد ایسوسی ایٹ ٹیم تھی جو جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو اپ سیٹ کرنے میں کامیاب رہی (فوٹو: آئی سی سی)
انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے متعلق ایک دلچسپ فیکٹ سامنے آیا ہے کہ 1992 کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں کم از کم ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔
اس ورلڈ کپ میں دس ٹیمیں شریک ہوئیں جس میں آسٹریلیا، پاکستان، انڈیا، سری لنکا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور افغانستان شامل تھیں۔
سنہ 1992 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے بعد یہ واحد میگا ایونٹ تھا جس میں کوئی ایک ٹیم بھی جیت سے محروم نہیں رہی۔
ورلڈ کپ 2023 میں انڈیا نے 10 میچ جیتے جبکہ اُسے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا نے اس ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 9 میچز جیتے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم سات میچ جیت پائی۔
اسی طرح نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ میں 5 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان چار میچ جیت پایا۔
 
ورلڈ کپ میں افغانستان نے انگلینڈ، پاکستان اور نیدرلینڈز کو شکست دیتے ہوئے تین میچ جیتے جبکہ انگلینڈ نے پاکستان، بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کو ہرا کر تین میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
بنگلہ دیش نے اس میگا ایونٹ میں دو میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکا نے بھی پورے ٹونامنٹ میں صرف دو ہی میچوں میں فتح حاصل کی۔
خیال رہے نیدرلینڈز اس ٹورنامنٹ میں شریک واحد ایسوسی ایٹ ٹیم تھی جو جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو اپ سیٹ کرنے میں کامیاب رہی۔

شیئر: