ورلڈ کپ: میکسویل نے نیدرلینڈز کے خلاف دھواں دھار سینچری سے پہلے دوائی کیوں کھائی؟
جمعرات 26 اکتوبر 2023 21:02
گلین میکسویل نے نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز کے بڑے ہدف سے شکست دی۔
اس میچ میں آسٹریلوی بلے بازوں نے ڈَچ بولرز کے خلاف خوب بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 399 رنز بنائے تاہم اس میچ کی سب سے خاص بات کینگروز کے آل راؤںڈر گلین میکسویل کی جارحانہ اور ون ڈے ورلڈ کپ کی تیز ترین سینچری تھی۔
گلین میکسویل نے نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
اس اننگز میں انہوں نے جنوبی افریقہ کے بلے باز ایڈن مارکرم کا تیز ترین سینچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جو اُنہوں نے اسی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف 40 گیندوں پر بنایا تھا۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ گلین میکسویل کو طبیعت کی ناسازی کے باعث نیدرلینڈز کے خلاف بیٹنگ کرنے کے لیے آنے سے پہلے دوائی لیتے ہوئے دیکھا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو انسٹاگرام پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی جس میں گلین میکسویل اور اے بی ڈی ویلیئرز کی سینچریوں کے بارے میں دلچسپ انکشاف کیا گیا کہ دونوں بلے بازوں کی سینچریاں بنانے سے قبل طبیعت ناساز تھی۔
آئی سی سی نے دلچسپ انداز میں کیپشن لکھا کہ ’ابھی بھائی طبیعت ناساز ہے، شاید سینچری بنا دوں۔‘
گلین میکسویل نے نیدرلینڈز کے خلاف بیٹںگ کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ’میری سارا دن طبیعت ناساز رہی، میں ڈریسنگ رُوم میں بیٹھا ہوا تھا اور میرا دل بیٹنگ کرنے کا نہیں کر رہا تھا، اس سے قبل پچھلے میچ میں بیٹنگ کے لیے میں شدت سے منتظر تھا، مجھے اتنی کوئی امید نہیں تھی لیکن جب میں بیٹںگ کرنے گیا تو کافی تازہ دم تھا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں پچھلے کئی دنوں سے کافی تھکا ہوا تھا۔ خاص طور پر اہلخانہ کے ساتھ پوری رات جاگ کر گزاری ہوئی تھی۔‘
اسی طرح 2015 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سڈنی میں ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیز ترین سینچری بنانے کے بعد اے بی ڈی ویلیئرز نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں میچ سے پہلے معدے میں تکلیف تھی، جس کے بعد انہوں نے ٹیکے لگوائے تھے۔