سموگ، لاہور سمیت پنجاب کے 10اضلاع میں جمعے اور سنیچر کو سکول بند
جمعرات 23 نومبر 2023 11:57
محسن نقوی نے کہا کہ ’سموگ پر قابو پانے کے لیے مصنوعی بارش کے لیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سموگ کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں جمعے، سنیچر اور اتوار کو سکول بند رہیں گے۔
جمعرات کو نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات اور شہریوں کو فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاوالدین سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں جمعے اور سنیچر کو سکول بند رہیں گے۔
اجلاس کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ’چھ ڈویژنز لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں جمعے اور سنیچر کو سکول بند ہوں گے۔ جمعے اور سنیچر کو مارکیٹیں تین بجے کھلیں گی جبکہ اتوار کو ہر طرح کا کاروبار بند رہے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سموگ پر قابو پانے کے لیے مصنوعی بارش کے لیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔ 29 نومبر کو مصنوعی بارش کروانے کی کوشش ہے۔ سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ مزید بڑھانے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘