Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی ایئرپورٹ کو اُڑانے کی دھمکی، بِٹ کوائن مانگنے والا ملزم گرفتار

اینٹی ٹیررازم سکواڈ کی جانب سے ملزم کی شناخت کے حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں انسداد دہشت گردی سکواڈ نے ممبئی ایئرپورٹ کو اُڑانے کی دھمکی دینے کے الزام میں کیرالہ کے ایک رہائشی کو گرفتار کر لیا ہے۔
ممبئی میں واقع چھتراپتی شیواجی مہاراج ایئرپورٹ پر حملے کی دھمکی دینے والے ملزم کو مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی سکواڈ نے گرفتار کیا۔
جمعے کو این ڈی ٹی وی پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر دھمکی دی تھی کہ اگر اُسے بِٹ کوائن کرنسی کی شکل میں 10 لاکھ ڈالر نہیں دیے گئے تو وہ ایئرپورٹ کو دھماکے سے اُڑا دے گا۔
اینٹی ٹیررازم سکواڈ کے ایک افسر کے مطابق یہ دھمکی جمعرات کو ایئرپورٹ حکام کو صبح تقریباً 11 بجے ایک ای میل کے ذریعے موصول ہوئی تھی۔
ای میل میں کہا گیا تھا کہ ’یہ آپ کے ایئرپورٹ کے لیے آخری وارننگ ہے۔ ہم اگلے 48 گھنٹوں میں ایئرپورٹ کا ٹرمنل 2 اُڑا دیں گے اگر ہمیں بتائے گئے پتے پر 10 لاکھ ڈالرز بِٹ کوائن کرنسی کی شکل میں ادا نہیں کیے گئے۔‘
دھمکی موصول ہونے کے بعد ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اس کا مقدمہ سحر پولیس سٹیشن میں درج کروایا تھا۔
اینٹی ٹیررازم سکواڈ کے سائبر سیل نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کی اور انہیں معلوم ہوا کہ دھمکی آمیز ای میل کیرالہ کے ایک مقام سے ارسال کی گئی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق کیرالہ میں ملزم کو مہاراشٹر کے افسران نے گرفتار کیا اور اُسے ممبئی منتقل کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے اینٹی ٹیررازم سکواڈ کی جانب سے ملزم کی شناخت کے حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

شیئر: