Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کا آپریشن تعطل کا شکار

یہ مزدور ریاست اتراکھنڈ میں 4.5 کلومیٹر (3 میل) لمبی سرنگ میں 12 نومبر کے اوائل سے پھنسے ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ریاست اتراکھنڈ میں ایک سرنگ میں دو ہفتوں سے پھنسے 41 مزدوروں کو نکالنے کا عمل ڈرلنگ کے آلات میں خرابی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک اہلکار نے کہا ہے کہ کارکنوں تک پہنچنے کی کوششیں جلد ہی دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔
یہ مزدور ریاست اتراکھنڈ میں 4.5 کلومیٹر (3 میل) لمبی سرنگ میں 12 نومبر کے اوائل سے پھنسے ہوئے ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ وہ محفوظ ہیں اور ان تک خوراک، پانی اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں۔
پتھروں اور دھات کے ملبے سے ڈرل کرکے پائپ کے ذریعے انہیں باہر نکالنے کی کوششیں رکاوٹوں کی وجہ سے سست ہوگئی ہیں۔
ریسکیو آپریشن کی سربراہی کرنے والے دیپک پاٹیل نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کو امید تھی کہ جمعرات کو ڈرلنگ ختم ہو جائے گی، لیکن ڈرلنگ مشین کا پلیٹ فارم خراب ہونے کے بعد اسے معطل کرنا پڑا کیونکہ اسے مرمت کرنے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ 60 میٹر (197 فٹ) ملبے کے ڈھیر کے آخری 10 میٹر (33 فٹ) کو کھودنا باقی ہے اور پلیٹ فارم کے تیار ہونے کے بعد کام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
منہدم ہونے والی سرنگ چار دھام یاترا کے راستے پر ہے، جو وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔
اس کا مقصد ڈیڑھ ارب ڈالر کی لاگت سے 890 کلومیٹر (550 میل) دو لین سڑک کے ساتھ چار اہم ہندو یاتری مقامات کو جوڑنا ہے۔
حکومت نے کہا ہے کہ اس سرنگ کے گرنے کے بعد نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا زیرتعمیر مزید 29 سرنگوں کا سیفٹی آڈٹ کرے گی۔

شیئر: