Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ ٹرافی پر پاؤں کیوں رکھے؟ انڈیا میں مِچل مارش کے خلاف مقدمے کی درخواست

کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا (فوٹو: آئی سی سی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد آسٹریلوی آل راؤنڈر مِچل مارش کی قابلِ اعتراض تصویر سوشل میڈیا پر مسلسل موضوعِ بحث ہے جس میں انہوں نے ٹرافی پر پاؤں رکھے ہوئے ہیں۔
اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر انڈین صارفین کی جانب سے مِچل مارش پر شدید تنقید دیکھنے میں آئی اور اُن پر انڈین ثقافت کو پامال کرنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
اس دوران جمعے کو ایک نئی خبر سامنے آئی ہے جس میں اُتر پردیش کے ضلع علی گڑھ میں پولیس سے مِچل مارش کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ویب سائٹ ’لائیو منٹ‘ کے مطابق آسٹریلوی آل راؤنڈر پر مقدمے کے لیے درخواست آر ٹی آئی ایکٹیوسٹ پنڈت کیشو نے دی ہے۔ 
ایف آئی آر میں پنڈت کیشو نے مِچل مارش پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ورلڈ کپ کی ٹرافی پر پاؤں رکھ کر انڈین کرکٹ ٹیم کے مداحوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔
صرف یہ ہی نہیں پنڈت کیشو نے اس مقدمے کی درخواست کی ایک کاپی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی بھجوائی ہے اور اُن سے درخواست کی ہے کہ مِچل مارش کو انڈیا میں کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔
دوسری جانب انڈین فاسٹ بولر محمد شامی بھی مِچل مارش کی اس حرکت سے خوش نظر نہیں آ رہے۔
 
این ڈی ٹی وی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے محمد شامی کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس حرکت پر کافی دکھ ہوا ہے۔ جس ٹرافی کے لیے دنیا کی ساری ٹیمیں لڑتی ہیں، وہ ٹرافی جو آپ اپنے سر کے اوپر اٹھانا چاہتے ہو، اُس ٹرافی پر پاؤں رکھنے سے مجھے کافی دکھ ہوا ہے۔‘
خیال رہے 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔

شیئر: