Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا لگانے پر پاکستانی بلے باز اعظم خان پر جُرمانہ

اعظم خان پر جُرمانہ اتوار کو ’لاہور ریجن بلیوز‘ کے خلاف میچ کے دوران کیا گیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں جاری ڈومیسٹک نیشنل ٹی20 کرکٹ لیگ میں ایک میچ کے دوران بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا لگانے پر ’کراچی ریجن وائٹس‘ کے بلے باز اعظم خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اعظم خان پر جُرمانہ اتوار کو ’لاہور ریجن بلیوز‘ کے خلاف میچ کے دوران کیا گیا۔
پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق اعظم خان پر اُن کی میچ فیس کا 50 فیصد حصہ بطور جُرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے اعظم خان پر کیے گئے جُرمانے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم کھیلوں پر رپورٹنگ کرنے والے متعدد صحافیوں نے ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر اس خبر کے دُرست ہونے کی تصدیق کی ہے۔
صحافی فیضان لاکھانی نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’اعظم نے نیشنل ٹی20 میچ کے دوران اپنے بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا لگایا تھا۔‘
صحافی کے مطابق کراچی وائٹس کے بیٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے کپڑوں اور کرکٹ ایکوئپمنٹ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی اور ’غیر منظور شدہ لوگو‘ کا استعمال کیا اور ’سیاسی پیغام‘ دیا۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ’کراچی ریجن وائٹس‘ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
’لاہور ریجن بلیوز‘ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم کو آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس ہدف کے تعاقب میں ’کراچی ریجن وائٹس‘ کی ٹیم 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 154 رنز بنا سکی اور پانچ رنز سے میچ ہار گئی۔

شیئر: