Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آسٹریلیا کی کنڈیشنز مختلف مگر جیت کے لیے پُرعزم‘

پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے 30 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہو گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز ایک چیلنج ہے، وہاں کی کنڈیشنز پاکستان سے مختلف ہیں مگر جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔
بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا سکواڈ ’سیٹلڈ‘ ہے لیکن جہاں ضرورت ہو گی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
شان مسعود نے کہا کہ ’صائم ایوب پاکستان کے لیے بہت اچھا اضافہ ہیں۔ بابر اعظم ہمارے بہترین بیٹر ہیں، ان کی پوزیشن نمبر چار ہے اور اسے کوئی نہیں چھیڑے گا۔‘
’ہماری خواہش تھی کہ حارث رؤف ساتھ ہوتے لیکن وہ دستیاب نہیں ہیں۔ لیکن کوشش کریں گے کہ جو فاسٹ بولر ہم لے کر جا رہے ہیں ان کا بہترین استعمال کیا جائے۔‘
’ہو سکتا ہے کہ آسٹریلیا میں ایسی کنڈیشنز ہوں کہ جہاں آپ کو ایک سپنر کو ڈراپ کرنا ہو اور ایک ایکسٹرا بیٹر کو لے کر آنا ہو تو ہم غور کریں گے، لیکن جب آپ کی ٹیم سیٹل ہوتی ہے تو کوشش ہوتی ہے اسی کو لے کر چلیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم چار سال پہلے آسٹریلیا گئے تھے اور اس عرصے میں بہت کچھ بدل جاتا ہے۔ آسٹریلیا کی کنڈیشنز مختلف ہیں، ہم نے راولپنڈی میں پریکٹس کے دوران کوشش کی کہ پاکستان میں کچھ ایکسٹرا گھاس والی پچ پر کھیلیں، ہم نے کافی کوشش کی آسٹریلیا کی کنڈیشن کے مطابق کھیلیں۔‘
نیوزی لینڈ کے ساتھ ون ڈے سیریز میں نائب کپتان ہونے کے باوجود پلیئنگ الیون سے ڈراپ کیے جانے کے سوال پر شان مسعود نے کہا کہ ’اس پر کوئی مایوسی نہیں ہوئی، اگر کسی کی جگہ نہیں بنتی تو وہ نہیں بنتی۔ ہمیشہ سلیکشن کے فیصلے کا احترام کیا ہے۔‘
واضح رہے کہ 20 نومبر کو آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی  تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، حسن علی، فہیم اشرف، ابرار احمد، عبداللہ شفیق، عامر جمال، نعمان علی، محمد وسیم جونیئر، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، میر حمزہ، خرم شہزاد، امام الحق، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا اور صائم ایوب شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم 30 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہو گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبرکو پرتھ میں شروع ہو گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن اور تیسرا ٹیسٹ تین جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے اور پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دو میچ کھیلنے کے بعد 100 فیصد کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

شیئر: