امریکہ کے سابق وزیر خارجہ اور امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والے ہنری کسنجر 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ان کی جیوپولیٹیکل کنسلٹنگ فرم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہنری کسنجر کا انتقال بدھ کو ریاست کنیکٹی کٹ میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔
رپورٹ کے مطابق نوبیل انعام حاصل کرنے اور امریکی خارجہ پالیسی کی طاقت کا مرکز سمجھے جانے والے ہنری کسنجر کو متنازع بھی خیال کیا جاتا تھا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے دو صدور کے ساتھ کام کیا اور امریکہ کی خارجہ پالیسی پر گہرے نقوش چھوڑے۔
وہ اپنی عمر کے آخری دنوں انتہائی متحرک رہے اور وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقاتوں میں شریک ہوتے رہتے۔
رواں سال جولائی میں انہوں نے چین کا اچانک دورہ کیا تھا اور صدر جن پنگ شی سے ملاقات کی تھی۔
عربی چینل العریبیہ پر شائع ہونے والے ایک مضمون میں ہنری کسنجر کی زندگی اور خدمات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
سابق امریکی وزیر خارجہ اور سفارت کار ہنجری کسنجر نے ایک طویل کیریئر گزارا۔ وہ کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔
70 کے عشرے میں انہوں نے قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ سنبھالا جس کے کچھ عرصہ بعد صدر رچرڈ نکسن کے دور میں انہیں وزارت خارجہ کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا جبکہ صدر جیرالڈ فورڈ کے دور میں بھی انہوں نے اہم سفارتی ذمہ داریاں نبھائیں۔
ہنری کسنجر نے سرد جنگ کے دوران سوویت یونین اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے بھی کام کیا۔
اسی طرح انہوں نے چین کے لیے کشادہ دلی کی پالیسی میں اہم کردار ادا کیا۔
ہنجری کسنجر کا کردار عرب اسرائیل تنازع کے دور میں بھی بہت اہمیت کا حامل رہا۔
جرمنی سے امریکہ
ہنجری کسنجر 27 مئی 1923 کو جرمن میں ایک یہودی خاندان میں پیدا ہوئے۔ نازی پارٹی کے عروج کے دور میں جب یہودیوں پر پابندیاں لگنے لگیں تو ان کا خاندان 1938 میں امریکہ منتقل ہونے کے بعد نیویارک میں رہائش پذیر ہوا۔
دوسری عالمی جنگ کے دوران انہیں امریکہ کی شہریت ملی اور فوج میں بطور مترجم بھرتی ہو گئے جہاں انہوں نے 1943 سے 1946 تک خدمات انجام دیں، جس کے صلے میں انہیں برونز سٹار میڈل بھی دیا گیا۔
اس کے بعد انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں داخل لیا جہاں وہ تاریخ دان اور سیاسی امور کے ماہر ولیم یانڈل ایلیٹ کے شاگرد علم رہے۔
1954 میں انہوں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی جبکہ 1954 سے 1969 تک ہارورڈ یونیورسٹی میں عالمی امور کے ماہر کے طور پر کام کیا۔ اس دوران وہ آئزن ہاور، کینیڈی اور جانسن کی حکومتوں کو مختلف ایشوز پر مشورے بھی دیتے رہے۔
امریکہ کی خارجہ پالیسی میں قدم
1969 میں امریکہ کا صدر منتخب ہونے کے بعد رچرڈ نکسن نے ہنری کسنجر کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا اور ان کا یہ عہدہ نومبر 1975 تک برقرار رہا۔
امریکہ میں پیدا نہ ہونے والا وزیر خارجہ
1973 کے آغاز میں صدر رچرڈ نکسن نے انہیں وزارت خارجہ کا قلمدان سونپا جس کے ساتھ ہی وہ امریکہ کے پہلے ایسے وزیر خارجہ بن گئے جو امریکہ سے باہر پیدا ہوئے تھے۔