Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسد شفیق کا کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ

مڈل آرڈر بیٹر 2010 کے بعد مصباح الحق کی کپتانی میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا مستقل رکن تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر اسد شفیق نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق اسد شفیق نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں قومی سلیکٹر کا عہدہ ملنے کا امکان ہے۔
اسد شفیق نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان اتوار کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے نیشنل ٹی20 کپ کے فائنل کے روز کیا۔
اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اسد شفیق نے کہا کہ ’2020 کے بعد ڈراپ ہونے کے  بعد میں قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے باقاعدگی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہا۔ اس سیزن کے آغاز پر میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ یہ میرا آخری (ڈومیسٹک) سیزن ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے لگا کہ 38 سال کی عمر ریٹائر ہونے کی ہے۔ میرے اندر وہ جوش اور جنون نہیں رہا جو کیریئر کے آغاز میں تھا۔ میں اٗن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے میرے کیریئر کے دوران میری مدد کی۔‘
2010 میں ابوظبی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے ڈیبیو کرنے والے دائیں ہاتھ کے بیٹر نے اپنے ملک کی 77 ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے 38 کی اوسط سے 12 سینچریوں اور 27 نصف سینچریوں کی مدد سے 4660 رنز سکور کیے۔
 
اس کے علاوہ انہوں نے 60 ون ڈے اور 10 ٹی20 میچوں میں بالترتیب 1336 اور 192 رنز بنائے۔
مڈل آرڈر بیٹر 2010 کے بعد مصباح الحق کی کپتانی میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا مستقل رکن تھے۔
انہوں نے آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ 2020 میں کھیلا جبکہ وہ گزشتہ تین برسوں سے ڈومیسٹک کرکٹ باقاعدگی سے کھیل رہے تھے۔
خیال رہے کرک اِنفو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسد شفیق کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بنایا جائے گا۔

شیئر: