جدہ: لٹل ایشیا زون میں منفرد کھانوں کے ذائقے اور ثقافت کا پرچار
وزارت ثقافت کے تحت ایشیائی ممالک سے ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے کُلنری آرٹس کمیشن کے زیرتحت جدہ کے ؤ لٹل ایشیا زون میں کوالٹی آف لائف پروگرام کے تعاون سے رامین اینڈ انیمی فیسٹیول کا بدھ سے آغاز ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ پروگرام جدہ ایونٹ کیلنڈر 2023 میں منعقد کیے جانے والے مختلف ایونٹس کا حصہ ہے اور 17 دسمبر تک جاری رہے گا۔
اس تقریب میں شرکت کرنے والے سیاحوں اور زائرین کو کئی ایشیائی ممالک کے کھانوں کے ذائقے اور ثقافت دیکھنے کا موقعہ فراہم کیا جائے گا۔
اس فیسٹیول میں حصہ لینے والے زائرین خاص قسم کا تجربہ کریں گے کہ روایتی پکوان کیسے تیار کیے جاتے ہیں اور انیمی کرداروں سے متعلق تحائف خرید سکیں گے۔
فیسٹیول کے ایک زون میں روزانہ مشرقی ایشیائی ممالک سے متعلقہ 15 شوز پیش کیے جائیں گے جن میں کچھ شوز میں انیمی فلمیں پیش کی جائیں گی۔

مقامی باورچیوں کے ساتھ منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں کھانا پکانے کے فن سے متعلق 15 ورکشاپس بھی ہوں گی۔
فیسٹیول میں بچوں کو مختلف فن سکھانے کے ساتھ ریت میں جاپانی خطاطی سیکھنے اور کاغذ کی مدد سے لالٹین بنانے کا ہنر سکھانے کے لیے خصوصی زون قائم کیا گیا ہے۔

یہاں موجود آؤٹ ڈور سنیما میں روزانہ انیمی فلمیں دکھائی جائیں گی، اس کے علاوہ سائیڈ ایونٹس میں ایک گروپ مشہور انیمی کرداروں کے ملبوسات میں پرفارمنس پیش کرے گا۔
یہ ثقافتی فیسٹیول وزارت ثقافت کے ایشیائی ممالک کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے منصوبوں کا حصہ ہے۔