کوئلہ کان میں ملزم کا تعاقب، پولیس افسر کو ہارٹ اٹیک
بدھ 13 دسمبر 2023 15:00
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
پولیس کے مطابق ملزم کو تھانے منتقل کر کے اس سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع دکی میں ایس ایچ او کو ڈکیتی اور قتل کے ملزم کے پیچھے مسلسل بھاگنے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑ گیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ڈکیتی اور قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم دکی کے نواحی علاقے میں موجود ہے تو ایس ایچ او پولیس ٹیم کو لے کر وہاں پہنچ گئے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے دوڑ لگا دی، جبکہ ایس ایچ او اور پولیس اہلکاربھی ان کے پیچھے پیچھے بھاگے۔
ملزم بھاگ کر پانچ سو فٹ گہری کوئلہ کان میں چھپ گیا اور کئی گھنٹوں تک پولیس کو چکما دیتا رہا۔ اہلکاروں نےکان کے اندر جا کر بالآخر ملزم کو پکڑ لیا، لیکن اس دوران مسلسل دوڑنے کی وجہ سے ایس ایچ او کو د ل کا دورہ پڑ گیا اور انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
بلوچستان کے ضلع دکی کے ڈی ایس پی جان محمد کے مطابق ایس ایچ او محمد شریف موسیٰ خیل کو لورالائی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے ملتان منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے اور اب ان کی طبیعت سنبھل گئی ہے۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزم نقیب اللہ پر چند ماہ قبل ڈکیتی کے دوران موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی واردات کے دوران ایک شخص کو قتل کرنے سمیت دو مقدمات درج تھے، تاہم وہ مفرور تھا اور پولیس اسے ڈھونڈ رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ملزم نقیب اللہ دکی کے علاقے سپین مسجد کے قریب موجود ہے۔ ایس ایچ او محمد شریف پولیس اہلکاروں کو لے کر وہاں پہنچے تو ملزم انہیں دیکھتے ہی بھاگا اور بھاگتے بھاگتے قریب واقع کوئلہ کان والے علاقے کی طرف پہنچ گیا۔ پولیس بھی ان کےپیچھے پہنچ گئی۔
ڈی ایس پی کے مطابق ملزم کو کوئی اور راستہ نہیں ملا تو وہ کوئلہ کان میں گھس گیا جو پانچ سو فٹ سے زائد گہری تھی۔ پولیس بھی پیچھے پیچھے اندر پہنچی تو ملزم نے کان کے اندر آکسیجن کی ترسیل کے لیے بنائے گئی ایک اورسرنگ میں داخل ہوگیا جو دوسری کان کو جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے دوسری کان سے اندر جا کر ملزم کو گھیرے میں لے لیا اور کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد بالآخر پکڑ لیا۔
ڈی ایس پی جان محمد نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری میں پولیس کو بڑی محنت کرنا پڑی۔ ایس ایچ او محمد شریف موسیٰ خیل بھی مسلسل ان کے پیچھے دوڑتے رہے اس دوران اچانک طبیعت خراب ہونے پر وہ گر گئے۔ انہیں ہسپتال پہنچایا تو پتہ چلا کہ دل کا دورہ پڑا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو تھانے منتقل کر کے اس سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔