Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر19 ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا کو شکست، یو اے ای، بنگلہ دیش فائنل میں

متحدہ عرب امارات اور بنگلہ دیش انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کا فائنل 17 دسمبر کو ہوگا۔
جمعے کو دبئی میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان انڈر19 کی ٹیم 194 رنز کے تعاقب میں 50ویں اوور میں 182 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان سعد بیگ نے 50 اور اذان اویس نے 41 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی۔ یو اے ای کی جانب سے ایمن احمد اور ہردک پائی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا اور یو اے ای کی ٹیم 48ویں اوور میں 193 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ کپتان ایان افضل خان 55 اور ارنش شرما 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ نے چار اور عرفات منہاس اور علی اسفند نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایان افضل خان کو ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے انڈیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
ٹاس جیت کر بنگلہ دیش نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور انڈیا کے چھ بلے باز 61 رنز پر ہی پویلین روانہ ہو گئے۔ لیکن اس نازک مرحلے میں مشیر خان اور موروگن ابھشیک نے عمدہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کے 188 رنز بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 50 اور 62 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے معروف مریدا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش نے 189 رنز کا ہدف عارف الاسلام کے 94 رنز کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر 43ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ ان کے علاوہ احرار امین نے 44 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے نمن تیواڑی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
معروف مریدا کو ان کی بہترین بولنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

شیئر: