پاکستان رائٹرکلب اور لیڈی چیپٹر کے تحت حسن قرأت مقابلہ
ریاض(ذکاء اللہ محسن)پاکستان رائٹر کلب اور لیڈی چیپٹر کے زیر اہتمام 22واں’’ حسن قرأت‘‘ کا بابرکت مقابلہ منعقد ہوا جس میں 30 کم عمر بچوں اور بچیوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے صدارتی خطاب میں سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے کہا کہ وہ اس بابرکت محفل میں آنا باعث سعادت سمجھتے ہیں اور وہ والدین بہت خوش قسمت اور مبارکباد کے حقدار ہیں جن کے بچوں نے آج یہاں تلاوت قرآن پاک کے ذریعے حسن قرآت میں حصہ لیا ۔ جب تک قرآن ہمارے ہاتھ میں رہا تب تک ہم نے دنیا پر نہ صرف حکومت کی بلکہ دنیا کو ایک نظام معاشرت، معیشت، مالیات، اور نظام سیاست دینے میں کامیاب رہے مگر جب ہم نے قرآن سے تعلق ختم کرکے اسے محض ایک کتاب سمجھنا شروع کر دیا اور اسے گھر کی الماری تک محدود کر دیا تو ہم زوال پذیر ہوئے۔پاکستان رائٹر کلب کے صدر انجینئررؤف مغل نے کہا کہ قرآن پاک رمضان المبارک میں ہی نازل ہوا۔اس سے اللہ نے اپنے بندوں کو ضابطہ حیات دینے کے ساتھ ساتھ اجرو ثواب کا ذریعہ بھی بنادیا۔ لیڈی چیپٹر کی کنونئیر مدیحہ ملک نے اپنی تقریر میں کہا کہ ریاض میں موجود پاکستانی بچے اسلام سے بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں۔ نظامت کے فرائض عاشق حسین اور عاصمہ طارق نے سر انجام دئیے۔مقابلہ حسن قرأت میں حصہ لینے والے بچوں اور بچیوں نے ذدق اور شوق کے ساتھ خوبصورت انداز میں تلاوت قرآن کی۔ ججز نے بچوں اور بچیوں میں 6 کو کامیاب قرار دیا۔ بچوں میں عبدالرماب افضال پہلی، زلنون سہیل دوسری اور عبداللہ بن مسعود نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بچیوں میں ادینہ مشعل پہلی، عاتکہ فاطمہ دوسری جبکہ ہانیہ فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامیاب ہونے والے بچوں میں مہمان خصوصی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف، شمشاد صدیقی، تسنیم امجد، ارم عامر ،چوہدری بشیر،راشد بٹ، فیصل علوی،عبدالکریم خان اور دیگر نے انعامات دئیے ۔