پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں ایک امریکی شہری نے کشمیر مارخور شکار کیا ہے۔
اس شکار کے لیے پرمٹ کی بولی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی تھی۔
مزید پڑھیں
-
مارخور ٹرافی ہنٹنگ، چترال میں امریکی شکاری کا کامیاب شکارNode ID: 748476
محکمہ جنگلی حیات چترال کے ڈی ایف او فاروق نبی نے اردو نیوز کو بتایا کہ شکار کیے جانے والے مارخور کی عمر نو سال چھ ماہ ہے۔
یہ جانور تھوشی شاشا کمیونٹی گیم ریزرو میں امریکی شکاری ڈیرن جیمز مل مین نے شکار کیا۔
شکار کیے جانے والے بڑے نر مارخور کے سینگوں کا سائز 45 انچ تھا۔
امریکی شکاری نے اس شکار کے لیے پرمٹ رواں برس اکتوبر میں ہونے والی بولی میں حاصل کیا تھا۔
جیمز مل مین نے اس اجازت نامے کے لیے سب سے بڑی بولی دی تھی۔ اس کی مالیت دو لاکھ 32 ہزار امریکی ڈالر (ساڑھے چھ کروڑ روپے) تھی۔
ابتدائی طور پر بولی کی رقم دو لاکھ 12 ہزار ڈالر تھی جو ٹیکس شامل کر کے دو لاکھ 32 ہزار امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں ٹرافی ہنٹنگ کا آغاز
پاکستان میں ٹرافی ہنٹنگ کی شروعات 1999 سے ہوئی۔ 1997 میں کنونشن آن انٹرنیشنل ٹریڈ اِن انڈینجرڈ سپیشیز سے متعلق زمبابوے میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کو مارخور کے غیرقانونی شکار کو روکنے کے لیے ہنٹنگ ٹرافی دینے کی اجازت دی گئی۔
ابتدا میں پاکستان کو سال میں چھ ٹرافیوں کی اجازت دی گئی جسے بعد میں بڑھا کر 12 کر دیا گیا۔
فاروق نبی نے بتایا کہ ٹرافی ہنٹنگ اور کمیونٹی منیجڈ کنزرویشن کی بدولت چترال میں کشمیر مارخور کی تعداد جو 1999 میں چند سو تھی اب ہزاروں تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں مارخور خيبر پختونخوا کے علاقے چترال، کوہستان، گلگت بلتستان کے ضلع استور پاکستان کے زيرِانتظام کشمير اور صوبہ بلوچستان ميں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں پائے جاتے ہيں۔

ڈی ایف او وائلڈ لائف چترال نے بتایا کہ رواں سال کے پی میں مارخور کے شکار کے لیے چار پرمٹس کی نیلامی ہوئی تھی۔ ان میں سے تین پرمٹس چترال اور ایک کوہستان میں دیے گئے تھے۔
خیال رہے پاکستان میں ٹرافی ہنٹنگ سکیم کے تحت ہر سال مارخور کے شکار کے لیے 12 لائسنسز جاری کیے جاتے ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات چترال کے افسر کے مطابق شکار کے بعد محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار شکار کیے گئے مارخور کے سینگوں کی پیمائش کرتے ہیں جسے شکاری کے حوالے کیا جاتا ہے۔ شکاری سینگ کو بطور ٹرافی اپنے ساتھ لے جاتا ہے۔ ان کے مطابق عموماً شکاریوں کی دلچسپی مارخور کے گوشت میں نہیں ہوتی۔
ٹرافی ہنٹنگ کیوں کی جاتی ہے؟
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ کی شروعات مارخور کے غیرقانونی شکار کو روکنے اور ان کی نسل کو محفوظ بنانے کے لیے کی گئی تھی۔
وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ چترال کے ڈی ایف او فاروق نبی کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر ٹرافی ہنٹنگ کا مقصد لوکل کمیونٹی کی جانب سے مارخور کے غیر قانونی شکار کو روکنا ہے۔
ان کے مطابق پہلے مقامی کمیونٹی مارخور کا غیرقانونی طریقے سے بے دریغ شکار کرتی تھی جس کی بنیادی وجہ غربت اور آگاہی کی کمی تھی۔ تاہم کنزرویشن اور ٹرافی ہنٹنگ کی شروعات کے بعد غیرقانونی شکار میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرافی کی رقم کا 80 فیصد مقامی کمیونٹی پر خرچ کیا جاتا ہے۔ مقامی تنظیم کے ذریعے یہ رقم صحت، صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
فاروق نبی کا کہنا تھا کہ مارخور کے شکار کی ایک اور وجہ بھے ہے 'مارخور کی جو نسل بوڑھی ہو جاتی ہے تو ان کی بریڈنگ کے نتیجے میں جو جانور پیدا ہوتے ہیں وہ جینیاتی طور پر کمزور ہوتے ہیں۔ اس لیے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی کوشش ہوتی ہے کہ ٹرافی ہنٹ میں بڑی عمر کے جانوروں کا شکار کرایا جائے تاکہ بوڑھے جانور ختم بھی ہوں اور ان کے بدلے میں مقامی کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کے لیے رقم بھی میسر ہو۔‘
انہوں نے بتایا کہ چونکہ ٹرافی ہنٹنگ کی نیلامی ڈالروں میں ہوتی ہے تو یہ ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا سبب بھی بنتا ہے۔
ٹرافی ہنٹنگ کا پرمٹ کسے اور کیسے جاری کیا جاتا ہے؟
ٹرافی ہنٹنگ کے پرمٹس اوپن نیلامی کے ذریعے دیے جاتے ہیں۔ یہ نیلامی ہرسال نومبر کے مہینے میں کی جاتی ہے۔
چونکہ ٹرافی کی نیلامی ڈالر میں ہوتی ہے اس لیے عموماً اس (مارخور) کے پرمٹ کو غیرملکی شکاری ہی نیلامی میں حاصل کرتے ہیں۔
