بعض افراد سؤنا میں کئی گھنٹے گزارتے اور دوستوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر گپ شپ کرتے ہیں (فائل فوٹو:العربیہ ڈاٹ نیٹ)
دنیا بھر میں سب سے زیادہ ’سؤنا‘ (گرم حمام) فن لینڈ میں پائے جاتے ہیں۔ وہاں کوئی شخص ایسا نہیں جو ان گرم حماموں میں نہ جاتا ہو تاکہ اپنی تکان اُتار کر تازہ دم ہو سکے۔
سؤنا کے ذریعے جسم پر چڑھی ہوئی چربی کو بھی کم کیا جا سکتا ہے، ان گرم حماموں میں بیٹھنے سے ذہنی سکون بھی ملتا ہے۔
ایک رپورٹ میں اس راز سے پردہ اٹھایا گیا کہ آخر فن لینڈ کے باشندوں کی دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ خوش رہنے کی وجہ کیا ہے۔
اس حوالے سے برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ نے ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے جس میں اس راز سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فن لینڈ کے باشندوں کے سکون کا سبب اتنا عام سا ہے کہ اس جانب کسی کی توجہ جا ہی نہیں سکتی تھی۔
بیشتر تحقیق کاروں نے ان افراد کی خوشی کی وجہ دریافت کرنے کی کوشش کی، تاہم کوئی ٹھوس وجہ نہیں جان سکے اور بالآخر ایک صحافتی مشن نے اس راز سے پردہ اُٹھا ہی دیا۔
فن لینڈ دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں ’سؤنا‘ ( گرم آبی بخارات کا حمام) کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
وہاں کے شہری ان حماموں کو باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں اور شاید ہی کوئی شخص ایسا ہو جو سؤنا کے استعمال سے ناواقف ہو۔
سؤنا کے گرم حمام میں فن لینڈی بیٹھ کر اپنے دن بھر کی تکان کو اُتارتے ہیں۔ حمام کے آبی بخارات ان کے جسم پر جمع ہونے والی زائد چربی کو بھی کم کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
اس کے علاوہ جسم کے مساموں کو کھولتے ہیں جس کی وجہ سے جلد کے ذریعے جسم میں موجود زہریلا مواد بھی خارج ہوجاتا ہے جبکہ ذہنی تناؤ سے بھی نجات مل جاتی ہے۔
میڈیا کی تحقیقی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فن لینڈ میں سؤنا کا استعمال وہاں کی روایت میں شامل ہے اور عہد قدیم سے چلی آرہی ہے۔
اسی وجہ سے 2020 میں یونیسکو کے عالمی ورثے میں بھی اسے شامل کیا گیا ہے۔
فن لینڈ کا شہر ٹیمپرے جو کہ ہیلسنکی کے شمال میں ٹرین سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے میں تقریباً 60 عوامی سؤنا ہیں جبکہ اس شہر کی آبادی صرف ڈھائی لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔
اسی وجہ سے اس شہر کو ‘دا سؤنا کیپیٹل آف دا ورلڈ‘ کا لقب دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا میں سؤنا کا شمار پُرتعیش سروس کے طور پر کیا جاتا ہے، وہاں فن لینڈ میں یہ روزمرہ کا ایک معمول سمجھا جاتا ہے۔
فن لینڈ میں بیشتر افراد نے اپنے گھروں میں سؤنا حمام بنائے ہوئے ہیں جبکہ وہاں کے معمر باشندے عوامی سؤنا حماموں میں جانا پسند کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک لوگوں سے میل ملاپ رکھنا ایک مقدس رسم ہوتی ہے۔
گذشتہ 6 برسوں سے فن لینڈ کے شہریوں کا شمار دنیا کے خوش باش افراد کی فہرست میں ہو رہا ہے۔
’دا گارڈین‘ کی رپورٹ کے مطابق فن لینڈ میں بعض افراد ایسے بھی ہیں جو اپنے دفتر یا کام سے لوٹتے وقت گھر جانے سے قبل کم سے کم ایک گھنٹہ سؤنا میں گزارتے ہیں تاکہ دن بھر کی تکان اتار کر تازہ دم ہونے کے بعد گھر جائیں۔
بعض افراد وہاں کئی گھنٹے گزارتے ہیں اور دوستوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر گپ شپ کرتے ہیں۔
سماجی امور کی ماہر انیتا کونتوکوسکی کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ہر ویک اینڈ سؤنا میں وقت گزارتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ میرے گھر میں بجلی کا سؤنا حمام ہے مگر جب سے بجلی کے بلوں میں اضافہ ہوا ہے ہم نے عوامی سؤنا استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔
انیتا بھی سؤنا کا مستقل استعمال کرتی ہیں، وہ ہر جمعہ کی دوپہر کو سؤنا کا رُخ کرتی ہیں تاکہ ویک اینڈ کو بھرپور توانائی کے ساتھ گزارا جاسکے۔