ریاض میں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کرنے والے سعودی شہری کو سزائے موت
دارالحکومت میں اسلحہ کے زور پر گاڑی چھینی اور شدید فائرنگ کی (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی دارالحکومت ریاض میں اسلحہ کے زور پر گاڑی چھین کر سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے سعودی شہری کو منگل کو سزائے موت دی گئی ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے بیان کے حوالے سے بتایا سعودی شہری فراج بن مغیب بن مبخوت الدوسری نے ریاض میں اسلحہ کے زور پر گاڑی چھینی اور سڑک پر موجود لوگوں اور سیکیورٹی اہلکاروں پر شدید فائرنگ اورایک اہلکار کو روندنے کی کوشش کی۔
بیان کے مطابق حملے میں کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ملزم نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے گرفتار کرلیا۔
سعودی شہری کو تمام ثبوتوں کے ساتھ عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے شہریوں، غیرملکیوں، سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے خطرہ بننے اور مملکت کا امن و سکون کو نقصان پہنچانے پر موت کی سزا کا حکم دیا۔
اپیل کورٹ اورپھر سپریم کورٹ نے سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی۔ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کا فرمان جاری کیا تھا جس پر عملدرآمد کیا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں