دہشگردی میں ملوث شہری کی سزائے موت پرعمل درآمد
سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل اوردیگردہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مشرقی ریجن میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں حصہ لینے اورقانون کو مطلوب افراد کو پناہ دینے والے دہشت گرد کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری ’منھال بن عبداللہ آل ربح‘ نے ایک دہشت گروہ میں شامل ہوکر ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی تھی۔
دہشت گرد گروہ سیکیورٹی فورس کی گاڑیوں پر فائرنگ، سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کے قتل، اسلحہ ذخیرہ کرنے جیسی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سپیشلسٹ فوجداری عدالت نے منھال آل ربح کو مذکورہ الزامات ثابت ہوجانے پرمبینہ جرائم کا مجرم قرار دے دیا تھا۔ سپیشلسٹ اپیل کورٹ اورآخرمیں سپریم کورٹ نے فیصلے کی توثیق کردی تھی بعدازاں ایوان شاہی کی جانب سے سزا پرعمل درآمد کے حکم کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے منگل کے روز سزا پرعمل درآمد کردیا۔