Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم میں دہشت گردی میں ملوث سعودی شہری کو سزائے موت

سیکیورٹی اداروں نے اس کے قبضے سے پستول اور گولہ بارود برآمد کیا تھا (فائل فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں القصیم ریجن کے حکام نے دہشت گرد گروہ منظم کرنے کے الزام میں مقامی شہری کو موت کی سزا دی ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے پیر کو بیان میں کہا  کہ ’سعودی شہری یاسر بن محمد الاسمری نے ایک دہشت گرد گروہ قائم کیا تھا جو مملکت کے اندر تخریبی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی شہری سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کی مہم چلائے ہوئے تھا جبکہ گروہ کی مدد کے لیے  بدامنی والے مقامات پر موجود مبینہ دہشتگرد تنظیموں سے رابطے میں تھا‘۔ 
بیان کے مطابق’ یاسر بن محمد الاسمری ایک دہشت گرد تنظیم کے رہنما سے بیعت کیے ہوئے تھا۔ اپنے ہم خیال دہشت گردوں کو پناہ دیتا تھا۔ انہیں مختلف مقامات پر حملے کرنے کی ذمہ داری تفویض کرنے کے ساتھ دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کی ٹریننگ بھی دیتا رہا تھا‘۔
’بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد و اسلحہ خریدنے اور چھپانے کی بھی کوشش کے علاوہ تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کے لیے کیمیکل مواد بھی حاصل کیا تھا‘۔ 
سیکیورٹی اداروں نے اس کے قبضے سے پستول اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ یاسر بن محمد الاسمری کو خصوصی فوجداری عدالت میں پیش کیا گیا۔ الزامات ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنائی گئی تھی‘۔ 
 فوجداری اپیل کورٹ اور سپریم  کورٹ نے فیصلے کی توثیق کی تھی۔ ایوان شاہی نے قانون کے مطابق سنائی جانے والی سزا کے نفاذ کا حکم جاری کیا۔

شیئر: