Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان تحریک اصلاحات، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کیسے بنی؟

ترجمان پی ٹی آئی پی اسرار باچا کے مطابق پارٹی کے قیام سے پہلے جماعت کے حتمی نام پر اتفاق نہیں ہوا تھا۔ (فوٹو: ایکس)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بدھ کو پاکستان تحریک اصلاحات کے نام سے کمیشن کے پاس رجسٹرڈ سیاسی جماعت کو  پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے نام سے رجسٹرڈ کرنے کی اجازت دے دی۔
بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحریک اصلاحات پاکستان کو نام تبدیل کرنے کی اجازت دے دی گئی اور جماعت کا نیا نام پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین ہوگا۔
جب یہ نوٹفکیشن سامنے آیا تو لوگوں کو حیرت ہوئی کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین تو خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلی اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک کی جماعت ہے جو انہوں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کے بعد اس نام سے قائم کی تھی۔
تاہم پاکستان تحریک اصلاحات کا نام تبدیل کرکے جس جماعت کا نام پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین رکھا گیا ہے اس کے سربراہ بھی پرویز خٹک ہی ہے۔ 

پاکستان تحریک اصلاحات پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کیوں اور کیسے بنی؟

اس حوالے سے جب اردو نیوز نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے ترجمان سید اسرار باچا سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ’تحریک اصلاحات کے نام سے پارٹی ہماری ہی تھی جو پارٹی کے جنرل سیکرٹری ملک حبیب خان نے چار ماہ قبل رجسٹرڈ کیا تھا۔‘
’بعد ازاں کور کمیٹی میں اس نام پر اعتراض اٹھایا گیا اور کورکمیٹی کی اکثریت نے نام تبدیل کرکے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین رکھنے کی تجویز پیش کی جس پر عمل کرتے ہوئے نام کی تبدیلی کے لیے درخواست دی گئی تھی۔‘
ترجمان پی ٹی آئی پی اسرار باچا کے مطابق پارٹی کے قیام سے پہلے جماعت کے حتمی نام پر اتفاق نہیں ہوا تھا اسی لیے پارٹی کے اعلان کے بعد تحریک اصلاحات کے نام سے رجسٹریشن ہوئی تھی۔ 
ان کا کہنا ہے کہ ’الیکشن کے لیے ہمارے امیدواروں نے میدان میں اترنا ہے اس لیے نام اتفاق رائے کے ساتھ تبدیل کردیا گیا ہے۔‘
اسرار باچا کے مطابق جماعت کا انتخابی نشان پگڑی ہوگی۔

شیئر: