Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے: چیئرمین پی ٹی آئی

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وہ خود ضلع بونیر میں قومی اسمبلی کے حلقے سے الیکشن لڑیں گے۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان اگلے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے حصہ لیں گے۔
بدھ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ تحریک انصاف کے سابق چیئرمین لاہور، میانوالی اور اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات اور امیدواروں کے بارے میں حتمی فیصلے کرنے میں مشکلات درپیش ہیں اس پر الیکشن کمشن کو نوٹس لینا چاہیے۔ ’ٹکٹوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی سے مشاورت جاری ہے اس میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔‘
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کو ورکرز کنونشن نہیں کرنے دیا جائےـ وہ میدان میں ہمارے امیدوار کو اترنے ہی نہیں دے رہے۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ چار تو کیا 14  جماعتوں کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ امپائر کو ساتھ ملا کر الیکشن لڑتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ الیکشن آٹھ فروری کو ہوں، آپ کنونشن نہیں کرنے دے رہے، کاغذات نامزدگی تک لینے نہیں دے رہے۔
’ہمارا کوئی ایسا مطالبہ نہیں کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، ہم ایسے کسی مطالبے کی حمایت نہیں کر رہے۔ اس کے پیچھے کچھ اور مقصد ہو سکتا ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے کارکنوں اور امیدواروں کو روکا جائے گا تو ’صورتحال تصادم کی جانب جانے کا خدشہ ہے مگر اللہ کرے کہ ایسا نہ ہو۔‘
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ وہ خود ضلع بونیر میں قومی اسمبلی کے حلقے سے الیکشن لڑیں گے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینیئر علی ظفر نے کہا کہ عوام کی ستر فیصد اکثریت تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔

شیئر: