Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رنبیر کپور نے مذہبی جذبات کو مجروح کیا‘، سپرسٹار کے خلاف درخواست دائر

ربنیر کپور کی بلاک بسٹر فلم ’اینیمل‘ کی نمائش ملک بھر کے سینیما گھروں میں جاری ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے سپرسٹار اداکار رنبیر کپور کے خلاف مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام درخواست دائر کر لی گئی ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق رنبیر کپور پر سنجے تیواری نامی شخص نے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے پر درخواست درج کروائی ہے۔
رنبیر کپور کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو کنال کپور کے گھر پر کرسمس لنچ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس میں اداکار کو کیک پر آگ لگاتے ہوئے مذہبی کلمات پڑھنے پر درخواست کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔
سنجے تیواری نامی شخص نے گھٹ کوپر پولیس سٹیشن میں مبینہ طور پر رنبیر کپور اور اُن کی فیملی کے خلاف ہندو مذہب کے ماننے والوں کے جذبات مجروح کرنے پر درخواست درج کروائی تاہم اداکار پر ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
دوسری جانب سپرسٹار اداکار کی بلاک بسٹر فلم ’اینیمل‘ کی کامیاب نمائش ملک بھر میں جاری ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق اینیمل نے 500 کروڑ انڈین روپوں کا کاروبار کر لیا ہے۔
یکم دسمبر کو ریلیز کی گئی اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں رنبیر کپور، رشمیکا مندنا، بوبی دیول اور انیل کپور شامل ہیں جبکہ اس فلم کی ہدایتکاری سندیپ ریڈی وانگا نے کی ہے۔

شیئر: