عالیہ بھٹ کے بعد پریانکا چوپڑا بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار
جمعرات 7 دسمبر 2023 16:11
جعلی کلپ میں پریانکا اپنی سالانہ کمائی کو ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک برانڈ کی تشہیر کرتی نظر آتی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
رشمیکا منڈانا، کترینہ کیف، کاجول اور عالیہ بھٹ کے بعد پریانکا چوپڑا بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار بن گئیں۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پریانکا کے ایک انٹرویو سے لی گئی ان کی ایڈٹ شدہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہے جس میں انہیں کسی برانڈ کی تشہیر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو نے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر ایک بار پھر خدشات کو جنم دیا ہے۔
ویڈیو کو دیکھنے کے بعد اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دیگر اداکاراؤں کے برعکس اس ویڈیو میں پریانکا کے چہرے کو متنازع ویڈیوز پر ایڈٹ نہیں کیا گیا۔
تاہم، اصل ویڈیو سے پریانکا کی آواز اور جملوں کو جعلی برانڈ پروموشن سے بدل دیا گیا۔
مذکورہ جعلی کلپ میں، پریانکا اپنی سالانہ کمائی کو ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک برانڈ کی تشہیر کرتی نظر آتی ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل عالیہ بھٹ کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں ایک نیلے رنگ کے لباس میں ملبوس لڑکی کیمرے کی طرف کچھ اشارے کر رہی تھی اور لڑکی کے چہرے پر عالیہ کا چہرہ ایڈٹ کیا گیا تھا۔
صرف یہ ہی نہیں بالی وڈ کی نامور اداکارہ کاجول کی ڈیپ فیک ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوچکی ہیں۔ اصل کلپ روزی برین نامی انفلوائنسر کا تھا جنہوں نے ’گیٹ ریڈی ود می‘ ٹرینڈ پر ٹِک ٹاک کلپ شیئر کیا تھا۔ ڈیپ فیک ویڈیو میں برین کے چہرے کو کاجول کے چہرے سے تبدیل کیا گیا تھا۔
ڈیپ فیک ہوتا کیا ہے؟
ڈیپ فیک ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) اور مشین لرننگ تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے تیار کردہ مصنوعی ویڈیوز اور تصاویر کی ایک قسم ہے جس کی مدد سے ایڈٹ شدہ یا تبدیل شدہ ویڈیوز بنائی جاتی ہیں۔
ان ویڈیوز میں اکثر موجودہ ویڈیو میں چہرے یا آواز کو کسی دوسرے شخص کی مشابہت دے کر تبدیل کردیا جاتا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے اصل ویڈیو میں موجود شخص کچھ کہہ رہا ہے یا کر رہا ہے جو اس نے کبھی نہیں کیا۔
جہاں دنیا بھر میں آرٹیفشل انٹیلی جنس انسانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے وہیں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی نے گمراہ کن اور من گھڑت مواد بنانے کے لیے اس کے ممکنہ غلط استعمال کے بارے میں خدشات پیدا کردیے ہیں۔