Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم ایس دھونی کا کھانوں کے لیے پاکستان جانے کا مشورہ

مہندر سنگھ دھونی آئی پی ایل 2024 میں بھی چنئی سپر کنگز کی کپتانی کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ایک نئی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ ایک شخص کو کھانے کے لیے پاکستان جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر وائرل ویڈیو میں ایم ایس دھونی کو خوش گوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ مداح کو پاکستان جا کر کھانوں کا مشورہ دیتے نظر آتے ہیں۔
ایم ایس دھونی کو ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’آپ کو کھانوں کے لیے ایک مرتبہ پاکستان جانا چاہیے۔‘
اس کے جواب میں ویڈیو میں مداح کے الفاظ سنائی دیتے ہیں کہ ’میں وہاں نہیں جا رہا بے شک آپ اچھے کھانے کا بھی بتائیں۔ مجھے کھانوں سے پیار ہے لیکن میں وہاں نہیں جاؤں گا۔‘
یاد رہے کہ مہندر سنگھ دھونی پاکستان اور انڈیا کے درمیان 2006 میں کھیلی گئی ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان آئے تھے۔
 
اس کے بعد ایم ایس دھونی 2008 میں پاکستان میں کھیلے گئے ایشیا کے لیے بھی پاکستان آئے تھے۔
دوسری جانب 2020 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے سابق عظیم انڈین کپتان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کی کپتانی کر رہے ہیں۔
مہندر سنگھ دھونی اگلے برس یعنی آئی پی ایل 2024 میں بھی چنئی سپر کنگز کی کپتانی کریں گے۔
خیال رہے کہ ایم ایس دھونی آئی پی ایل کے واحد کپتان ہیں جو 2008 کے بعد اب تک لگاتار چنئی سپر کنگز کی کپتانی کر رہے ہیں۔

شیئر: