شاہ سلمان کے سامنے چھ نئے سعودی سفیروں نے حلف اٹھا لیا
حلف اٹھانے والوں میں سپین میں خاتون سعودی سفیرامیرہ ھیفا شامل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے منگل کو ریاض کے قصر عرقہ میں برادر اور دوست ممالک میں تعینات کیے جانے والے چھ نئے سعودی سفیروں نے حلف اٹھایا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سپین میں خاتون سعودی سفیر امیرہ ھیفا بنت عبدالعزیز بن عیاف آل مقرن نے حلف اٹھایا۔
جاپان کے لیے سفیر ڈاکٹر غازی بن فیصل بن زاقر، ہنگری کےلیے سفیر ماجد بن عبدالعزیز العبدان، ماریشش کے لیے فایز بن مشل التمیاط، یوگنڈا کے لیےمحمد بن خلیل فالودہ اور بلغاریہ کےلیے سفیر رامی بن سعود العتیبی نے نئی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔
نئے سفیروں نے حلف اٹھاتے ہوئے کہا کہ’ وہ اپنے دین، اپنے بادشاہ اور وطن کے ساتھ مخلص رہیں گے۔ ریاست کا کوئی راز فاش نہیں کریں گے۔ ریاستی مفادات اور قوانین کا اندرون اور بیرون ملک تحفظ اور اپنا فرض سچائی، ایماندار اور اخلاص سے انجام دیں گے‘۔
تقریب حلف برداری میں نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی اور خادم حرمین شریفین کے معاون نجی سیکریٹری تمیم بن عبدالعزیز السالم بھی موجود تھے۔