Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان کے داماد اپنی شادی میں ’بنیان اور شارٹس‘ پہن آئے

ارا خان اور نوپور شکھیرے کی شادی ممبئی کے مشہور ہوٹل تاج لینڈز اینڈ میں ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے سپرسٹار عامر خان کی بیٹی ارا خان بدھ کو اپنے منگیتر نوپور شکھیرے کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ  گئی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ارا خان نے ممبئی میں فٹنس ٹرینر نوپور شیکھرے سے شادی کی ہے۔ جہاں یہ شادی کل سے ٹرینڈ کر رہی ہے وہیں ارا خان کے شوہر کے لباس نے سوشل میڈیا پر ’ہنگامہ‘ برپا کر رکھا ہے۔
ارا کے شوہر نوپور شیکھرے کو شادی کی تقریبات کے دوران بنیان اور شارٹس پہنے دیکھا گیا۔ اس سے قبل نوپور اپنے دوستوں کے ساتھ جاگنگ کرتے ہوئے شادی کے وینیو ’تاج لینڈز اینڈ‘ پہنچے تھے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سوشل میڈیا صارفین نوپور شیکھرے کے لباس پر تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ سوجیرا نامی اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ ’بھائی سیدھا جوگنگ سے اپنی شادی پر پہنچ گئے ہیں۔‘
ممانسا شیکھر نے عامر خان کی ہی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا ایک سین شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے پتا ہے نوپور نے بنیان کیوں پہن رکھی ہے، شاید عامر نے دولہے کی شیروانی پر چٹنی گرادی تھی۔‘
بالی ووڈ ٹاکیز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’یہ تو اپنی ٹیم بھی ساتھ لے کر گئے تھے، فٹبال میچ ہے یا شادی؟‘
عامر خان کی بیٹی ارا خان کی شادی کی تقریبات گذشتہ کئی دنوں سے چل رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں منگل کو عامر خان، اُن کے بیٹے جنید خان، اُن کی سابق اہلیہ کرن راؤ اور بیٹے آزاد راؤ خان سمیت خاندان کے باقی افراد کو سلمان خان کے گھر پر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
 ارا خان اور اُن کے بوائے فرینڈ نوپور شکھیرے کی گزشتہ برس 18 نومبر کو منگنی ہوئی جس میں قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی تھی۔

شیئر: