مائیکروسافٹ کا 1994 کے بعد پہلی مرتبہ کی بورڈ میں نیا بٹن لگانے کا فیصلہ
یہ مائیکروسافٹ کے نیچرل کی بورڈ میں 1994 کے بعد ہونے والی پہلی تبدیلی ہوگی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مائیکروسافٹ نے گذشتہ برس یعنی 2023 میں اپنے سافٹ ویئر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت کو شامل کیا ہے جبکہ ونڈوز 10 میں اسی سلسلے میں ’کو پائلٹ اے آئی اسسٹنٹ‘ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ اے آر ایس ٹیکنیکا کے مطابق سافٹ ویئر میں اے آئی کو شامل کرنے کے بعد مائیکروسافٹ کی جانب سے اب کمپیوٹر کے کی بورڈ میں آٹو پائلٹ کا بٹن بھی لگایا جا رہا ہے۔
یہ مائیکروسافٹ کے نیچرل کی بورڈ میں 1994 کے بعد ہونے والی پہلی تبدیلی ہوگی۔
کی بورڈ میں لگائے جانے والے اس کو پائلٹ بٹن کے دبانے سے ونڈوز 10 اور ونڈوز 11 میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا ’کو پائلٹ اسسٹنٹ‘ کھل جائے گا۔
جن صارفین کے پاس اس وقت اپ ٹو ڈیٹ ونڈوز ہے وہ اس اسسٹنٹ کو ونڈوز اور سی کا بٹن بیک وقت دبا کر کھول سکتے ہیں۔
جن صارفین کے ونڈوز اپ ڈیٹ نہیں ہیں یا وہ صارفین جنہوں نے ابھی تک مائیکروسافٹ اکاؤںٹس سائن ان نہیں کیا ہوا، وہ کو پائلٹ کے بٹن کو جب دبائیں گے تو وہاں اے آئی اسسٹنٹ کے بجائے ونڈوز سرچ کا فنکشن کھلے گا۔
مائیکروسافٹ کی ڈیمو ویڈیو میں کو پائلٹ بٹن کو کی بورڈ پر موجود ایرو کی اور رائٹ الٹرنیٹ کے بٹن کے درمیان نصب ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے عمومی طور پر اس بٹن کی جگہ عام کی بورڈ میں رائٹ کنٹرول کا بٹن نصب ہوتا ہے۔