آصفہ بھٹو زرداری کراچی میں پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کے لیے میدان میں
کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ ’مزدور اور کسان کی حمایت تیر کے ساتھ ہے۔‘ (فوٹو: پیپلز پارٹی فیس بک)
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم چلانے میدان میں اتر آئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’8 فروری پیپلز پارٹی کا دن ہوگا، ہماری طاقت یوتھ ہے جو بلاول کی صورت میں ایک نوجوان وزیر اعظم دیکھ رہے ہیں۔ بہتر صحت اور مفت تعلیم پیپلز پارٹی کے منشور کے اہم جزو ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ مہنگائی کے ستائے پریشان عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں، بلاول اگر اقتدار میں آئیں گے تو عوام کی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کریں گے۔‘
سندھ کے قدیم شہر ٹھٹہ سے آصفہ بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ ٹھٹہ، گھارو، گاڑھوں اور دھابیجی کے عوام نے بے نظیر کی شخصیت سے مشابہت رکھنے والے آصفہ بھٹو زرداری کا والہانہ استقبال کیا۔
جگہ جگہ کیمپ لگائے گئے اور ان کی آمد پر پرجوش نعرہ بازی کی گئی۔ ٹھٹہ میں عوامی استقبال کے بعد آصفہ اپنے آبائی علاقے لاڑکانہ گئیں اور مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں عوامی مقامات پر ناصرف کارنر میٹنگز کیں بلکہ ووٹرز اور سپورٹرز سے بھی ملاقاتیں کیں۔
آصفہ بھٹو سندھ کے دیگر شہروں کے بعد منگل کو کراچی کے مضافاتی علاقے کورنگی اور ملیر میں پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم چلانے نکلی ہیں، اپنی والدہ کے مخصوص انداز میں آصفہ ناصرف عوامی مقامات پر جا رہی ہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کے لیے عوام سے اپیل بھی کرتی نظر آرہی ہے۔
کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری، ملیر میمن گوٹھ، داود چورنگی اور ملیر سٹی سمیت دیگر علاقوں میں آصفہ بھٹو نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں اور علاقائی عہدیداران کے ساتھ ریلی کی شکل میں دورے کیے ہیں اور عوام سے پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ملیر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’مزدور اور کسان کی حمایت تیر کے ساتھ ہے، بلاول پاکستان کا مستقبل ہے، ایک نوجوان وزیر اعظم اپنے ملک کے عوام کو خوشحال بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بلاول نے مفت تعلیم کا وعدہ کیا ہے، 300 یونٹ تک بجلی مفت دینے کا کہا ہے، صحت کارڈ دینے کی بات کی ہے۔ آپ بلاول کو مضبوط کریں آپ کا مستقبل روشن ہونے جارہا ہے۔‘
آصفہ بھٹو زرداری نے عوامی مقامات پر وزیر اعظم بلاول کے نعرے بھی لگائے۔