غیرملکی مقدس شہروں میں کمپنیوں کے ذریعے پہلی بار سرمایہ کاری کرسکیں گے
اتھارٹی کیپٹل مارکیٹ میں فنڈنگ سکیموں میں تنوع لارہی ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعوددی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے چیئرمین محمد القویز نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں غیرمنقولہ جائیدادوں کی مالک رجسٹرڈ کمپنیوں میں غیرملکیوں کو پہلی بار سرمایہ کاری کی اجازت دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق محمد القویز ریاض میں منعقدہ ریئل سٹیٹ فیوچر فورم میں شرکت کے دوران گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’اتھارٹی سال رواں کے دوران کیپٹل مارکیٹ میں فنڈنگ سکیموں میں تنوع لارہی ہے۔‘
سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی مالیاتی مارکیٹ کے اداروں کو ایسے ریئل سٹیٹ فنڈ میں غیرسعودیوں سے سرمایہ قبول کرنے کی اجازت دے چکا ہے جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شہروں کی حدود کے اندر واقع غیر منقولہ جائیدادوں میں اپنا کل سرمایہ یا جزوی سرمایہ لگائے ہوئے ہوں۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے کہا کہ’ مالیاتی مارکیٹ میں فنڈنگ سے فائدہ اٹھانے کا بڑا موقع ہے۔‘
2023 کی تیسری سہ ماہی کے آخر میں ریئل سٹیٹ فنڈز سیکٹر میں زیر گردش اثاثوں کا حجم 170 ارب ریال تک پہنچ گیا جو کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی میں زیرگردش اثاثوں کا ایک تہائی ہے۔