بنگلہ دیشی وزیراعظم سعودی عرب سے مزید سرمایہ کاری کی خواہاں
وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی عرب ہمیشہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہے۔‘ (فوٹو: ڈیلی سٹار)
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے سعودی عرب سے بنگلہ دیش میں مزید سرمایہ کاری کی خواہش کی تاکہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے ان کی حکومت کے اقدامات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ڈیلی سٹار اخبار کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے تقریر نویس ایم نذر الاسلام نے کہا کہ بنگلہ دیش میں سعودی عرب کے سفیر عیسیٰ یوسف عیسیٰ الدوہیلان نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ان کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’بنگلہ دیش میں مزید سرمایہ کاری کریں تاکہ ہم لوگوں کی سماجی اقتصادی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو آگے بڑھا سکیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی عرب ہمیشہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
سعودی سفیر نے بنگلہ دیش کی ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے تعاون بڑھانے کا وعدہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ سعودی عرب اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کی خواہاں ہیں کیونکہ وہ مکہ اور مدینہ کی دو مقدس مساجد کے متولی ہیں۔
سعودی سفیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کو حکومت کا دوبارہ سربراہ منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام دیا۔
پیغام میں ولی عہد نے بنگلہ دیش کی مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کی۔
سعودی سفیر نے بنگلہ دیش کے آٹھ ڈویژنوں میں آٹھ مساجد اور اسلامی زبان کے ادارے قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ ڈھاکہ میں انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے مناسب جگہ تلاش کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں حج اور عمرہ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور بنگلہ دیش کھیل اور ثقافت میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔
سفیر نے دیگر پیشہ ور افراد کے ساتھ بنگلہ دیش سے طبی عملے کو لے جانے کے لیے اپنے ملک کی خواہش کا اظہار کیا۔