عالمی دفاعی نمائش آئندہ ماہ ریاض میں ہوگی
مائش 4 فروری سے شروع ہو گی جو 8 فروری تک جاری رہے گی۔(فوٹو: ایکس وزارت دفاع)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں عالمی دفاعی نمائش 2024 کا دوسرا ایڈیشن فروری میں ریاض میں منعقد کیا جائے گا۔
وزارت دفاع کے ایکس اکاونٹ پر اس حوالے سے بتایا گیا کہ نمائش 4 فروری سے شروع ہو گی جو 8 فروری تک جاری رہے گی۔ نمائش وزارت دفاع کی زیر اہتمام ہوگی۔
مجوزہ نمائش میں وزارت دفاع کے پویلین میں تین بنیادی نکات پر توجہ مرکوز کی جائے گی جن میں ’مستقبل اور ترقیاتی پروگرام، تاریخی تبدیلیاں اور دفاعی و عسکری صلاحیت شامل ہیں۔
دفاعی نمائش کے دوسرے ایڈیشن میں وزارت دفاع کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ حکومتی اعلی شخصیات اور عالمی و مقامی کمپنیوں کے سربراہ شرکت کریں گے۔
عالمی دفاعی نمائش میں سعودی رائل ایئرفورس کے جہاز ’فالکن السعودیہ‘ یونٹ فضائی شو بھی پیش کریں گے علاوہ ازیں وزارت دفاع کے طبی یونٹ بھی اس حوالے سے اپنی خدمات پیش کریں گے۔
وزارت دفاع کے رابطہ ڈائریکٹر برائے اسٹرایٹجک امور عبدالرحمان بن سلطان نے بتایا’ نمائش میں وزارت کے پویلین میں جن تین نکات کو پیش کیا جائے گا ان میں ’وراثت‘ کا مقصد وزارت کی ابتدا اور اس کی مرحلہ وار ترقی کو بیان کیا جائے گا جبکہ سعودی فورسز کے قیام اور اس کے مختلف مراحل کی عکاسی کی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا ’عالمی دفاعی نمائش کے دوسرے ایڈیشن کا سلوگن ’کل کی تیاری‘ رکھا گیا ہے جس میں زمینی ، فضائی اور بحریہ کے حوالے سے دفاعی صنعت کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید تکنیکی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔‘