Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ حلال فوڈ فورم کا آغاز، وزیر تجارت نے افتتاح کیا

مکہ مکرمہ میں متعدد ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت سے حلال فوڈ فورم کا آغاز ہوگیا ہے جس کا افتتاح وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حلال فوڈ فورم آج جمعرات تک رہے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا ہے کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ آج ہم مکہ مکرمہ میں اس فورم کا آغاز کر رہے ہیں‘۔
’گوکہ ہمیں یہ فورم بہت پہلے شروع کرنا چاہئے تھا کیونکہ حلال فوڈ کی صنعت دنیا میں سب سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کر رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس فورم میں سعودی عرب کے سرکاری و نجی ادارے شریک ہیں نیز اس میں صنعت سے وابستہ ماہرین بھی موجود ہیں‘۔
مکہ مکرمہ چیمبر آف کامرس  اور اسلامی تجارت و ترقیات ادارے کے سربراہ عبد اللہ صالح کامل نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’سعودی عرب سے حلال فوڈ کی صنعت پر روشنی ڈالنے کی بڑی اہمیت ہے کہ سعودی عرب اسلامی فوڈ کا سب سے بڑا مرکز ہے‘۔

’دنیا کے مسلمانوں کی نظر میں سعودی عرب سے تیار ہونے والا فوڈ حلال کے سرٹیفیکیٹ سے زیادہ معتبر ہے‘ ( فوٹو: سبق)

’حقیقت یہ ہے کہ دنیا کے مسلمانوں کی نظر میں سعودی عرب سے تیار ہونے والا فوڈ حلال کے سرٹیفیکیٹ سے زیادہ معتبر ہے‘۔
حلال فوڈ کی ترقیاتی کمپنی کے سربراہ فواز بن طلال الحربی نے  کہا ہے کہ ’یہ فورم حلال فوڈ کی صنعت کی ترقی اور نوجوانوں کو اس صنعت سے وابستہ کرنے کے علاوہ تجربات کے تبادلے کے لیے منعقد کیا جارہا ہے‘۔
تقریب کے اختتام میں حلال فوڈ سے وابستہ مقامی کمپنیوں اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان 6 یادداشتوں پر دستخط ہوئے  جبکہ فورم کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کرنے والوں کو اعترافی اسناد دی گئیں۔

شیئر: