ہیتھرو ایئرپورٹ پر تیز ہوائیں، سعودی پائلٹ نے طیارہ کیسے لینڈ کیا؟
جمعرات 25 جنوری 2024 5:20
محفوظ لینڈنگ پر مسافروں نے تالیاں بجا کر داد دی اور خوشی کا اظہار کیا (فوٹو: العربیہ)
سعودی پائلٹ نے برطانیہ کے کئی علاقوں میں ’اشر‘ طوفان کے باعث چلنے والی تیز ہواؤں کے باوجود ہیتھرو ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈ کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق پائلٹ حسن الغامدی نے تیز ہواؤں کی صورتحال میں اس وقت طیارہ ایئرپورٹ پر اتارا اس وقت متعدد طیارے طوفان کی وجہ سے اپنا رخ بدلنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
ہوابازی کے ماہرین نے سعودی پائلٹ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ لینڈنگ کے وقت ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہواؤں کی فی گھنٹہ رفتار 55 کلو میٹر تک پہنچ گئی تھی ایسے میں کامیاب لینڈنگ ایک کا کارنامہ ہے۔
حسن الغامدی نے کہا کہ ’جس صورتحال میں لینڈنگ کی اس میں مجھے طیارے کا رخ تبدیل کرنے کا اختیار تھا لیکن میں نے ایسا نہیں کیا۔‘
انہوں نے بتایا ’ہوابازی کا 28 سال کا تجربہ ہے اور وہ 16 ہزار سے زیادہ گھنٹے طیارہ اڑاتے ہوئے گزار چکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا’لینڈنگ میں مسافروں کی زندگی کو کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا کیونکہ اگر کوئی ناگہانی صورتحال پیش آرہی ہو تو ایسی صورت میں پائلٹ لینڈنگ منسوخ کرنے کا فیصلہ کسی بھی لمحے کر سکتا ہے۔‘
’محفوظ لینڈنگ پر مسافروں نے تالیاں بجا کر داد دی اور خوشی کا اظہار کیا۔‘