Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے جمہوری عمل میں دلچسپی ہے لیکن قیادت کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے: امریکہ

محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں آزادی اظہار رائے اور پریس پر پابندیوں سے متعلق رپورٹس پر تشویش ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کی دلچسپی پاکستان کے جمہوری عمل میں ہے لیکن ملک کی مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے۔
جمعرات کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل سے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں ہونے والے الیکشن سے متعلق سوال ہوا جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے۔ ہماری دلچسپی جمہوری عمل میں رہے گی۔‘
محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے اور پریس پر پابندیوں سے متعلق رپورٹس پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار میڈیا اہم ستون ہے جو ووٹرز کے فیصلوں کو یقینی بنانے اور حکومت کو جواب دہ ٹھہرانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
’ہم سمجھتے ہیں کہ صحافی منصفانہ اور شفاف انتخابات کی کوریج میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمیں آزادی اظہار رائے، سیاسی وابستگی کی آزادی اور پریس پر پابندیوں کی رپورٹس پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی پابندیاں پاکستانی عہدیداروں کے مکمل طور پر منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے دعوؤں سے متصادم ہیں۔
ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی حکام پر شفاف انتخابات میں رکاوٹ اور میڈیا پر پابندیوں سے متعلق ان پر ویزا پابندیاں لگ سکتی ہیں تو اس کے جواب میں ویدانت پٹیل نے کہا کہ وہ ایسی کسی بھی کارروائی کا جائزہ لینے پر بات نہیں کر سکتے۔
’ہم بنگلہ دیش سمیت دنیا بھر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات دیکھنا چاہتے ہیں اور یقیناً پاکستان میں بھی۔ جب ہم ایسی چیزیں دیکھیں گے جو خطے کے لیے ہمارے نقطہ نظر سے متصادم ہیں اور پاکستانی حکام کے بیان کردہ دعوؤں کے متضاد ہیں تو ہم ان پر بات کرتے رہیں گے۔‘
گزشتہ برس ستمبر میں امریکہ نے خبردار کیا تھا کہ بنگلہ دیش میں جمہوری انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے والے افراد کو پابندیوں اور ویزا پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایران اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ویدانت پٹیل کہا ہے کہ ہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں فکرمند ہیں اور پاکستانی ہم منصبوں سے قریبی رابطے میں ہیں۔

شیئر: