تہران... ایرانی پارلیمنٹ اور امام خمینی کے مقبرے پر فائرنگ اور خودکش دھماکوں میں مرنے والے12 ہوگئے۔ داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ۔ اطلاعات کے مطابق تہران میں 4 مسلح افرادنے پارلیمنٹ میں گھس کر فائرنگ کردی ۔گارڈ سمیت 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حملہ آوروں نے ارکان پارلیمنٹ کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران ایک حملہ آور نے پارلیمنٹ کی چوتھی منزل پر خود کو دھماکے سے اڑادیا دیگر فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔پارلیمنٹ پر حملے کے دوران تہران کے جنوبی علاقے میں آیت اللہ خمینی کے مقبرے پر حملہ ہوا۔ ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی ۔خاتون حملہ آورنے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے احاطے سے ملنے والے ایک بم کو بھی ناکارہ بنادیا۔