Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خطے کے مفادات پر شاہ سلمان اور شاہ بحرین متفق

جدہ .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی ٰ آل خلیفہ نے بدھ کو جدہ کے قصر السلام میں مذاکرات کئے ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعاون کے طریقوں او رعلاقے کے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گورنر مکہ مکرمہ شہزاد خالد الفیصل، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ڈاکٹر منصور بن متعب، وزیر نیشنل گارڈ شہزادہ متعب بن عبداللہ، ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف، وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر ابراہیم العساف، وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر خزانہ ڈاکٹر الجدعان اور شاہ بحرین کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے ارکان شریک ہوئے۔ اس سے قبل دونوں رہنماﺅں نے قصر السلام میں ملاقات کرکے رمضان کی مبارکباد کا تبادلہ کیا تھا اور دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو خوشحالی اور نعمتوں سے مالا مال کرتا رہے۔ شاہ بحرین نے بدھ کو جدہ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاتھا کہ ان کے ملک نے ہمیشہ مذہب، عرب تشخص ، بقائے باہم ، رواداری ، ریاستی بقاءاور حسن ہمسائیگی کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کی پالیسی اپنائی ہے۔ آئندہ بھی اسی پالیسی پر گامزن رہیگا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ قطر کے قائدین کو اپنی پالیسی کی جہت ٹھیک کرنا ہوگی۔ عہد و پیمان پورے کرنا ہونگے۔ امن و سلامتی کو متزلزل کرنے والے تمام تصرفات بند کرنا ہونگے۔ انارکی کی طرف لیجانے والے تمام راستے بند کرنا ہونگے۔ 

شیئر: