Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایڈرین بروڈی کی سعودی عرب میں آٹزم سے متاثرہ افراد کی مدد

ایڈرین بروڈی یونیسیف کے علاوہ سیو دی چلڈرن اور ہالی وُڈ آرٹس کی امداد بھی کرتے ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)
ہالی وُڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ایڈرین بروڈی کا ایک فن پارہ سعودی عرب میں ہونے والی ایک نیلامی میں دو لاکھ 75 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے جس کے باعث اس نیلامی کے منتظمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
یہ نیلامی گزشتہ ویک اینڈ پر ہونے والی درعیہ ای پرکس موٹر ریسنگ ایونٹ کی تقریبات کا حصہ تھی جس سے حاصل ہونے والی آمدن سعودی آٹزم فیملیز فاؤنڈیشن کو دی جائے گی۔
اداکار کی تصویر نیلامی میں سب سے مہنگے داموں فروخت ہوئی۔ اس نیلامی میں زیورات، گاڑیوں، گھوڑوں اور دیگر فن پاروں کی فروخت سے 18 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جو فاؤنڈیشن کو عطیہ کیے جائیں گے۔
فاؤنڈیشن کے سربراہ شہزادہ سعود بن عبدالعزیز بن فرحان السعود نے کہا کہ ’ہم اداکار ایڈرین بروڈی کی اس دریا دلی پر ان کے تہہ دل سے ممنون ہیں جس کی ہمارے لیے بہت زیادہ اہمیت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ہم فلاحی نیلامیوں کی ان سرگرمیوں کے ذریعے مملکت میں آٹزم سے متاثرہ لوگوں تک خدمات کی بلاتعطل فراہمی کا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ یہ فاؤنڈیشن مملکت میں آٹزم سے متاثرہ لوگوں اور ان کے خاندانوں کو مدد فراہم کر رہی ہے۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والے 50 برس کے ایڈرین بروڈی سال 2002 میں ریلیز ہونے والی وار ڈرامہ فلم ’دی پیانسٹ‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے تھے جس پر انہیں بہترین اداکاری کے آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
ایڈرین بروڈی یونیسیف کے علاوہ سیو دی چلڈرن اور ہالی وُڈ آرٹس کی امداد بھی کرتے ہیں۔
اس سے قبل یہ تنظیم لاس اینجلس کے 10 ہزار بے گھر لوگوں کو چھت فراہم کر چکی ہے۔

شیئر: