ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2024 کے افتتاح کی تیاریاں مکمل
ریاض میں عالمی دفاعی نمائش 2024 کے افتتاح کی تیاریاں مکمل
ہفتہ 3 فروری 2024 21:21
تقریب میں 45 ممالک کے750 نمائش کنندہ اور 115 وفود کی شرکت متوقع ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چار سے 8 فروری تک منعقد ہونے والی عالمی دفاعی نمائش 2024 کے افتتاح کی تیاریاں وزارت داخلہ کی جانب سے مکمل کر لی گئی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’للغد نستعد‘( کل کے لیے ہتھار بند) کے عنوان سے منعقد ہونے والی عالمی نمائش کے دوسرے ایڈیشن میں داخلی سلامتی کے نظام اور اے ای ٹیکنالوجی کے استعمال کے منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
نمائش میں سکیورٹی برقرار رکھنے، سرحدیں محفوظ بنانے، بحرانوں اور آفات سے نمٹنے، فیلڈ ورک کی ترقی، ماحولیات کے تحفظ اور فوجی صنعتوں میں تعاون اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
عالمی دفاعی شو میں جنرل اتھارٹی برائے دفاعی ترقی کے نمائندگان حصہ لیں گے، شعبہ تحقیق اور ترقی میں جدت لانے والوں اور تخلیق کاروں کو پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا۔
یہ پلیٹ فارم جدید خدمات اور مصنوعات کے لیے آئیڈیاز کو فروغ دینے اور دفاعی ترقی، سکیورٹی و دفاعی صنعت کو بہتر بنانے کے لیے ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
اس تقریب کے دوران جنرل اتھارٹی برائے دفاعی ترقی کے حکام دفاعی تحقیق اور ترقی کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں اور قومی مراکز کے ساتھ سات معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
اتھارٹی کے ملازمین ڈائیلاگ سیشنز، میٹنگ اور مستقبل کے ٹیلنٹ پروگراموں سمیت سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کے زیراہتمام اس نمائش میں فضائی، بری اور بحری دفاعی نظام، سیٹلائٹ اور معلوماتی تحفظ کے مشترکہ انضمام پر توجہ دی جائے گی۔
عالمی دفاعی شو 2024 میں 45 ممالک کے 750 سے زائد نمائش کنندگان اور 115 وفود کی شرکت متوقع ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں