سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو
کمپنی کا آغاز مئی 2017 میں کیا گیا تھا(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے زیر ملکیت سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز کارپوریشن (سیمی) نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز کارپوریشن (سیمی) میں احمد بن عقیل الخطیب کو چیئرمین اورغسان الشبل کو نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیمی نے بورڈ ارکان کی تعداد 9 سے بڑھا کر 10 کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔
سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز (سیمی) کے چیئرمین احمد بن عقیل الخطیب نے کہا کہ’ بورڈ آف ڈائریکٹرز اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا کہ کمپنی 2030 تک مملکت کے فوجی اخراجات کا 50 فیصد سے زیادہ مقامی بنانے میں کامیاب ہو جائے۔‘
اس کمپنی کا آغاز مئی 2017 میں کیا گیا تھا اور اس کا مقصد 2030 تک دنیا کی 25 اعلیٰ فوجی صنعتوں کی کمپنیوں میں شامل ہونا ہے۔
سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا اور فوجی صنعت کو مقامی بنانا ہے۔